کراچی میں یومیہ 60 افراد موبائل فونز سے محروم امسال اب تک 20 ہزار وارداتیں

سب سے زیادہ ستمبر کے مہینے میں2510 موبائل فونز چھینے گئے

سب سے زیادہ ستمبر کے مہینے میں2510 موبائل فونز چھینے گئے

شہرقائد میں موبائل فون رکھنا شہریوں کےلیے وبال جان بن گیا اور یومیہ 60 افراد کوان کے قیمتی موبائل فونزسے محروم کیا جانے لگا۔

رواں سال کے 11 مہینوں کے دوران شہریوں سے اسلحہ کے زور پر 20 ہزار سے زائد قیمتی موبائل فونزچھین لیے گئے۔ سب سے زیادہ ستمبر کے مہینے میں2510 موبائل فونز چھینے گئے اور سب سے کم اپریل میں846 موبائل فونز چھینے گئے، مسلح لٹیروں نے پولیس کے اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کے دعوے ہوامیں اڑا دیے۔

شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں پولیس مکمل ناکام ہو گئی، مسلح ملزمان پولیس کوکسی خاطرمیں لائے بغیرسرعام وارداتیں کرتے ہیں، ان وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن اس سے فائدہ اٹھانے کےلیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے اور پولیس صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔

اگر ہم صرف موبائل فون چھینے جانے کے اعداد وشمارپرنظر ڈالیں تو ہوش اڑا دینے والے حقائق سامنے آتے ہیں۔ ایکسپریس نیوز نے جب رواں سال ہونے والےاسٹریٹ کرائم اور صرف موبائل فونز چھینے کی وارداتوں سے متعلق اعداد و شمار حاصل کیے تو پولیس کی کارکردگی سے پردہ اٹھ گیا۔


سی پی ایل سی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری میں 1939، فروری 1846، مارچ 1381، اپریل میں سب سے کم 846، مئی 1438، جون 1899، جولائی 2127 ، اگست 2045، ستمبر میں سے زیادہ 2510 ، اکتوبر 2180 اور نومبر میں شہریوں سے 1843 موبائل فونز اسلحہ کے زور پر چھین لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہر گھنٹے میں 7 شہری لٹنے لگے، نومبر میں لوٹ مار کی 5375 وارداتیں

وارداتوں کی ترتیب کے اعتبار سے تھانہ کورنگی صنعتی ایریا سے889 موبائل فونز، ضلع شرقی کے تھانے گلشن اقبال سے661، کورنگی کے تھانے زمان ٹاؤن سے530موبائل فونز ، شرقی کے تھانے شارع فیصل سے517، وسطی کے تھانے شاہراہ نور جہاں سے512، کورنگی کے تھانے عوامی کالونی سے 491 موبائل فونز، وسطی کے تھانے تیموریہ 480، شرقی کے تھانے سہراب گوٹھ سے465،سچل کے علاقے 456، وسطی کے تھانے ناظم آباد 450موبائل فونز ،عزیز آباد 434 ،سرسید سے427 ، شرقی کے تھانے عزیز بھٹی 423 ،غربی کے تھانے سرجانی ٹاؤن 415 ، شرقی کے تھانے فیروز آباد 358 ، مبینہ ٹاؤن 357 ، وسطی کے تھانے خواجہ اجمیر نگری 354، ایسٹ کے تھانے گلستان جوہر 328، سائٹ سپرہائی وے319 موبائل فون چھینے گئے۔

ضلع کورنگی کے تھانے کورنگی 283، وسطی کے تھانے نارتھ ناظم آباد سے280 ، شرقی کے تھانے جمشید کوارٹر 279، کورنگی کے تھانے شاہ فیصل کالونی 274 ، لانڈھی264 ، ملیر کے تھانے شاہ لطیف ٹاؤن سے 255، وسطی کے تھانے بلال کالونی248، نیو کراچی247 ، نیو کراچی صنعتی ایریا سے 239 موبائل فونز چھینے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے موبائل فونز کی ریکوری اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے جبکہ دن دیہاڑے لُٹنے والے شہریوں نے پولیس کی کارکردگی سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر قابوپانے کے لیے ٹھوس اور موثر حکمت عملی اپنائے جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لیں۔
Load Next Story