دنیا کی نایاب ترین وہیلز بلوچستان کے سمندر میں دیکھی گئیں

ڈیٹا کے مطابق اس نسل کی وہیل دنیا بھر میں صرف 100 کے لگ بھگ رہ گئی ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان


Staff Reporter December 09, 2020
اس نسل کی وہیل دنیا بھر میں صرف 100 کے لگ بھگ رہ گئی ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان۔ فوٹو : ایکسپریس

ماہی گیروں نے دنیا کی نادر و نایاب نسل کی وہیل کے جوڑے کو بلوچستان کے ساحلی مقام پر اٹکھیلیاں کرتے دیکھا اور اس دلفریب منظر کو موبائل کیمرے کی مدد سے عکس بند کرلیا۔

کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے والے ماہی گیروں نے پسنی کے قریب ہیمپ بیک نسل کے دنیا میں نادر و نایاب تصور کیے جانے والے وہیل کے جوڑے کو لہروں کے دوش پر فضا میں اچھلتے اور اٹکھیلیاں کرتے دیکھا جس کے بعد بلوچستان کے مقامی ماہی گیروں نے اپنے موبائل کیمرے میں اس دلفریب منظر کو محفوظ کرلیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف(پاکستان)کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر محمد معظم خان کے مطابق عریبین ہیمپ بیک نسل کی وہیل مختلف وجوہات کے مطابق انتہائی کم رہ گئیں ہیں، اس حوالے سے تحقیق کے بعد مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق اب اس نسل کی وہیل دنیا بھر میں صرف 100 کے لگ بھگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عریبین ہیمپ بیک وہیل گرم پانیوں میں رہتی ہے، پاکستان کے علاوہ وہیل کی یہ نسل انڈیا، سری لنکا، اومان، یمن اور ایران کے سمندروں میں پائی جاتی ہے۔

محمد معظم خان کے مطابق معدومیت سے دوچار عریبین ہیمپ بیک وہیل کا پاکستانی سمندر میں دیکھا جانا انتہائی خوش آئند ہے، یہ دنیا کی واحد وہیل ہے جو کھانے کی تلاش اور افزائش نسل کے لیے بحیرہ عرب کا رخ کرتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں