بھارت خطے میں جمہوریتوں کو ناکام بنانے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے وزیر اعظم

عالمی براردی تخریبی سرگرمیوں کا نوٹس لے، بھارت کی انتہاپسند حکومت سے عالمی استحکام کو خطرہ ہے، عمران خان


ویب ڈیسک December 10, 2020
وزیر اعظم نے یورپی ادارے کی جانب سے بھارتی پراپیگنڈہ نیٹ ورک بے نقاب ہونے پر ٹویٹ میں اپنا ردعمل ظاہر کردیا(فوٹو، فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں جمہوریتوں کو ناکام کرنے کے لئے مسلسل تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ان تخریبی سرگرمیوں کی طرف مبذول کروا رہا ہے۔ بھارت جعلی خبر رساں اداروں اور "تھنک ٹینکس" کے ذریعے دوسرے ممالک میں انتہا پسندی پھیلا رہا ہے۔ حال ہی میں حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے سلسلے میں ڈوزیئر فراہم کیے ہیں۔



یہ خبر بھی پڑھیے: بھارت کی جعلی خبروں سے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش بے نقاب

وزیراعظم عمران خان نے کہا یورپی یونین کے ایک ادارے نے وسیع پیمانے پر پھیلے بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے نیٹ ورک کے بارے انکشافات کیے۔ یورپی یونین کے ادارے کے انکشافات نے پاکستان کے موقف کو درست ثابت کیا اور اس سے انکار کرنے والوں کو بے نقاب کردیا۔ عالمی برادری کو ایک فتنہ پرور بھارتی حکومت کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی انتہاپسند حکومت سے اب عالمی نظام کے استحکام کو خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ یورپی ادارے ای یو ڈس انفو لیب نے اپنی ایک تحقیق میں بھارتی پراپیگنڈے کے نیٹ ور کو بے نقاب کیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ''ای یو کرانیکل ویب سائٹ'' بھارتی پروپیگنڈا مہم میں نیا اضافہ ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بہت سے کالم یورپی قانون سازوں اور صحافیوں کے ناموں سے غلط طور پر منسوب کیے جاتے ہیں، ان میں ایسے صحافیوں کے نام بھی شامل ہوتے ہیں جو وجود ہی نہیں رکھتے علاوہ ازیں پاکستان مخالف مواد کو دوسری ویب سائٹوں سے لے کر اسے بھارت میں دوبارہ شائع کیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔