مارول اسٹوڈیو نے’’ پہلی پاکستانی مسلم سپر ہیرو گرل‘‘ کی جھلکیاں شیئر کردیں

’کمالہ خان‘ پہلا مسلم کردار ہے جس پر کامک بک سیریز بنائی گئی ہے


ویب ڈیسک December 11, 2020
مس مارول میں پہلی بار مسلم پاکستانی سپر گرل کے بارے میں سن کر لوگوں کاکہنا تھا کہیں آپ مذاق تو نہیں کررہے، ایگزیکٹیو پروڈیوسر فوٹوفائل

مارول اسٹوڈیو نے اپنی پہلی پاکستانی مسلم سپر ہیرو گرل کی جھلکیاں شیئر کی ہیں۔

مارول اسٹوڈیو اپنی پہلی مسلم سپر ہیرو گرل مس مارول پر ٹی وی سیریز بنا رہا ہے۔ اس ٹی وی سیریز کے مرکزی کردار ''کمالہ خان'' کے لیے مارول اسٹوڈیو طویل عرصے سے کسی ایسی لڑکی کی تلاش میں تھا جو پاکستانی ہو لیکن امریکا میں پلی بڑھی ہو۔ کچھ عرصہ قبل خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ مارول اسٹوڈیو کو اپنی سپر ہیرو گرل مل گئی ہے۔ تاہم اس لڑکی کے حوالے سے زیادہ تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی تھیں۔

لیکن اب مارول اسٹوڈیو نے پہلی پاکستانی مسلم سپر گرل کو دنیا بھر میں متعارف کروایا ہے۔ مس مارول میں 'کمالہ خان' کا کردار ایمان ولانی اداکررہی ہیں۔ 18 سالہ ایمان ولانی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ہیں اور گزشتہ برس ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔ وہ مستقبل میں سینیماٹو گرافر بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

ٹی وی سیریز کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر بشا کے علی کا مارول اسٹوڈیو کی ٹی وی سیریز میں پہلی بار مسلم اور پاکستانی کردار متعارف کروانے کے حوالے سے کہنا ہے کہ جب ہم نے اعلان کیا کہ ہماری اگلی سپر ہیرو کا تعلق پاکستان سے ہے تو ہمیں بہت عجیب ردعمل دیکھنے کو ملا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہیں آپ مذاق تو نہیں کررہیں۔ لیکن ہم نے ایمان ولانی کو دریافت کیا جو اب مارول کی نئی سپر ہیرو گرل ہے۔


مارول اسٹوڈیو کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات پاکستانی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید تین نامور ہدایت کارعدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن دیں گی۔ یہ ٹی وی سیریز ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2021 کے آخر میں پیش کیا جائے گا۔

مس مارول کے کردار کو مارول ایڈیٹر اور ڈائریکٹر ثنا امانت نے بطور شریک تخلیق کار 2014ء میں بنایا تھا۔ مس مارول 16 سال کی پاکستانی نژاد امریکی مسلم نوجوان لڑکی ہے جس کا نام کمالہ خان ہے۔ جو امریکی شہر نیو جرسی میں رہتی ہے۔ اس کردار کے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ پہلا مسلم کردار ہے جس پر کامک بک سیریز بنائی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔