کراچی میں خالد بن ولید روڈ پر بنگلے میں دھماکا بچی جاں بحق

گھر کا مالک بیرون ملک مقیم جب کہ حملے کے وقت گھر میں صرف چوکیدار اور اس کی بیٹی موجود تھی


ویب ڈیسک December 27, 2013
ابتدائی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے یا بارودی مواد سے ہوا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں، پولیس فوٹو: فائل

فیروزآباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں خالد بن ولیڈ روڈ پر ایک بنگلے میں دھماکے کے نتیجےمیں بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں خالد بن ولیڈ روڈ پر ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہوگئی تھی جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے کےبعد پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے یا بارودی مواد سے ہوا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بنگلہ 6 مہینے سے خالی تھا اور اس کا مالک بیرون ملک مقیم ہے جب کہ حملے کے وقت گھر میں صرف چوکیدار اور اس کی بیٹی موجود تھی۔

واضح رہے کہ فیروزآبادکے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں رواں ماہ 18 دسمبر کو خالدبن ولیدروڈ کے قریب دستی بم ہاتھ میں پھٹنے سے ایک خاتون ہلاک جب کہ اس کی بہو سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں