مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے


ویب ڈیسک December 12, 2020
گزشتہ رات بارش کی وجہ مینار پاکستان کے میدان کا کچھ حصہ گیلا ہے فوٹو: فائل

مینار پاکستان گراؤنڈ میں اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ اتوار کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ جلسے کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کررہی ہے۔ جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، اختر مینگل اور اویس نورانی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ساونڈ سسٹم پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی نغمے اور ترانے بجائے جا رہے ہیں، مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص ہو گا، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔

جلسہ گاہ میں بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے جنریٹر پہنچادیئے گئے ہیں جب کہ روشنی کے لئے خصوصی کھمبے لگادیئے گئے ہیں جن پر لائٹیں نصب ہیں۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز بھی گراونڈ میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

ٹینٹ سروس کی جانب سے کرسیاں فراہم نہ کئے جانے کے بعد میزبان مسلم لیگ (ن) کو اپنی کرسیاں خریدنا پڑ گئیں، گزشتہ رات بارش کی وجہ مینار پاکستان کے میدان کا کچھ حصہ گیلا ہے لیکن میدان میں کرسیاں لگانے اور قائدین کے لئے اسٹیج بھی بنایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز پہنچانے کی اجازت نہ ملنے پر مینار پاکستان پر لکڑی کا اسٹیج بنانے کا کام جاری ہے، مرکزی قائدین کے لئے الگ اور دیگر قائدین کے لئے الگ اسٹیج بنایا جارہا ہے، مرکزی اسٹیج کے عقب میں 20 فٹ اونچی اور 80 فٹ چوڑی مرکزی اسکرین لگائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں 10 فٹ اونچی اور 15 فٹ چوڑی 10 اسکرینز لگائی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |