پاکستان نے ڈس انفارمیشن مہم سے انکار کے بھارتی بیان کو مسترد کردیا
بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے جس کے پہلے بھی ناقابل تردید ثبوت شیئر کرچکے ہیں، ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کا ای یو رپورٹ سے متعلق انکار مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا ای یو رپورٹ سے متعلق انکار مسترد کرتے ہیں، رپورٹ میں 750جعلی میڈیا کا 116ممالک میں نیٹ ورک بتایا گیا، 2005 سے پاکستان کے خلاف فیک نیوز کے زریعے پراپگینڈا کیا جارہا ہے جب کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کس طرح بھارت دہشت گردی اور پراپیگنڈا پاکستان کے خلاف کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم پہلے بھی بھارت کے خلاف ناقابل تردید ثبوت شیئر کر چکے ہیں، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے، ہومین رائیٹس کونسل اس سارے معاملے کا فوری نوٹس لے، سوئیٹرز لینڈ اور بیلجیم این جی اوز کو فنڈز فراہمی معاملے کی تحقیقات کرے جب کہ یورپی یونین بھی پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر موثر کارروائی کرے۔