بھوٹان بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ملکوں میں شامل ہوگیا

دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دہلی کے اسرائیلی سفارت خانے میں دستخط ہوئے


ویب ڈیسک December 13, 2020
دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے قیام کا معاہدہ طے پاگیا(فوٹو، انٹرنیٹ)

جنوبی ایشیائی ملک بھوٹان بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ گبی اشکنازی نے کہا ہے کہ اسرائیل کا دائرہ اثر بڑھتا جارہا ہے۔ سلطنت بھوٹان کے ساتھ تعلقات کا قیام اشیا میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے رسوخ کی علامت ہے۔

قبل ازیں جنوبی ایشیائی ملک بھوٹان بھارت کے ساتھ 2007 میں ہونے والے معاہدۂ دوستی کے تحت اپنی خارجہ و دفاعی پالیسی چلاتا تھا۔ تاحال سلطنت بھوٹان کے 53 ممالک سے تعلقات ہیں۔

باضابطہ اور مکمل سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے اسرائیل اور بھوٹان کے سفیروں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اسرائیلی سفارت خانے میں معاہدے پر دست خط کیے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: مراکش نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ بھوٹان کے ساتھ ہونے والا اسرائیلی معاہدہ عرب اور مسلم دنیا میں جاری امریکی کوششوں کا حصہ نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر اسرائیل کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

واضح رہے رواں سال چار عرب مسلم ممالک؛ متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کے بعد بدھ مت کے پیروکاروں کی اکثریت رکھنے والا بھوٹان اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات قائم کرنے والا پانچواں ملک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں