کیپٹن ر صفدر کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

میں اور میری اہلیہ مریم نواز پی ڈی ایم میں سب سے آگے ہیں اور ہماری جان کو خطرہ ہے، کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست


ویب ڈیسک December 13, 2020
کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کل کریں گے۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے دائر درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا تھا کہ میں اور میری اہلیہ مریم نواز پی ڈی ایم میں سب سے آگے ہیں، اور ہماری جان کو خطرہ ہے، عدالت سیکرٹری داخلہ اور چاروں صوبوں کی پولیس کو سیکیورٹی دینے کا حکم دے۔

درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے مؤقف پیش کیا گیا کہ درخواست گزار کیپٹن (ر) صفدر ماضی میں دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اور ان پر نیب، پولیس اور ایف آئی اے کے کیسز بھی ہیں، شہری کی جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی زمہ داری ہے، آئین کا آرٹیکل 9 ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتا ہے، عدالت فریقین کو سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی، چیف جسٹس اطہر من اللہ کل کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔