مودی حکومت کی موجودگی میں پاک بھارت سیریز کا انعقاد مشکل ہے وسیم خان

وزیراعظم عمران خان بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی


Sports Reporter December 14, 2020
وزیر اعظم عمران خان بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے کھیلنے کو تیار ہیں لیکن مودی حکومت کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز مشکل ہے کیوں کہ بھارتی بورڈ کو سیریز کیلیے اپنی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے۔

کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ ٹور سلیکشن کمیٹی با اختیار ہے، بابراعظم کے ان فٹ ہونے پر نئے کپتان کا فیصلہ ٹور سلیکشن کمیٹی خود کرے گی، پی سی بی پانچ سالہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وسیم خان نے کہا پالیسی کے تسلسل کیلیے خواہش ہے کہ اگلی مدت کے لیے بھی بورڈ میں زمہ داریاں ادا کرتا رہوں، چیف ایگزیکٹیو نے مزید کہا کہ مسائل ضرورہیں لیکن اس کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ جاری رکھے ہوئے ہیں، آئندہ برس ایک نہیں چار ٹیمیں دورہ پاکستان کریں گی۔

فیوچر ٹور پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا بھارت سے کھیلنے کو تیار ہیں،جب تک مودی کی حکومت ہے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز مشکل ہے، بھارتی بورڈ کو سیریز کیلیے اپنی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بتدریج بحالی ہورہی ہے، گزشتہ دو برس میں بہتری کے لیے اقدام کیے ہیں، جنوبی افریقہ کے پاکستان آنے سے بہت فائدہ ہوگا، انگلینڈ جاکر کھیلنا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھا، مقصد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی تھی۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ 2015 سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی جاری ہے، پی سی بی نے نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر تشکیل دیا، سسٹم کو تبدیل کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا، نئے نظام کے نتائج دنوں میں نہیں آئیں گے، بہترین سابق کرکٹرز کی خدمات حاصل کیں جب کہ بنی گالا سے ہدایات آنے کی بات درست نہیں، سابق کرکٹر ہونے کے ناطے وزیر اعظم سے مشاورت ضرور ہوتی ہے تاہم وہ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |