کراچی کا موسم مزید سرد پارہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان

موجودہ سردی کی لہر جمعے تک بر قرار رہنے کا امکان ہے، ترجمان محکمہ موسمیات

موجودہ سردی کی لہر جمعے تک بر قرار رہنے کا امکان ہے، ترجمان محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہواؤں کے سبب شہر کا موسم مزید سرد ہوگیا اور اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کم سے کم پارہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی سرد ہواؤں کی شدت میں اضافے کے سبب سردی مزید بڑھ گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت مزید 2 ڈگری کمی سے 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔

یاد رہے گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، دوسرے روز بھی 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کوئٹہ کی یخ بستہ ہوائیں چلیں۔


ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک کے مطابق موجودہ سردی کی لہرجمعے تک برقراررہنے کا امکان ہے جس کے بعد بتدریج درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک سے دو روز کے دوران کم سے کم پارہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے تاہم مغربی سلسلے کے اثرات کے نتیجے میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران سمندرکی جنوب مغربی ہوائیں منقطع جب کہ بلوچستان کی شمالی اورشمال مشرقی ہواؤں کا شہر پراثررہے گا، اس دوران مطلع خشک اورسردرہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ برسوں کے ریکارڈ کے مطابق دسمبرکے مہینے میں سن 2010 میں کم سے کم پارہ 7 ڈگری، 2011 میں 7.5 ڈگری، 2012 میں 7 ڈگری، 2013 میں 6 ڈگری، 2014 میں 10 ڈگری، 2015 میں 8.5 ڈگری، 2016 میں 13.6 ڈگری، 2017 میں 8.6 ڈگری، 2018 میں 9 ڈگری جب کہ سن 2019 میں کم سے کم پارہ 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

 
Load Next Story