نائب کپتان کو ایکشن میں دیکھ کر مینجمنٹ کا چہرہ ’’شاداب‘‘

بابر اعظم کے ٹی20 سیریز سے باہر ہونے کے بعدکوچ کی پریشانی کچھ کم ہوگئی


Sports Reporter December 15, 2020
پہلے ٹی20میں شرکت کا امکان روشن،ٹارگٹ میچ میں افتخار احمدکے48گیندوں پرناقابل شکست 102رنز،بابر اعظم اور امام الحق فزیکل ٹریننگ تک محدود

نائب کپتان کو ایکشن میں دیکھ کرمینجمنٹ کا چہرہ ''شاداب'' ہو گیا، بابر اعظم کے ٹی 20 سیریز سے باہر ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق کی پریشانی کچھ کم ہو گئی، فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں شاداب خان نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی شروع کردی۔

جمعے کو پہلے ٹی 20 میں ان کی شرکت کا امکان روشن ہے،گذشتہ روز ٹارگٹ میچ کھیلا گیا،افتخار احمد نے48گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں غیر متاثرکن کارکردگی کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر رہنے والیمڈل آرڈر بیٹسمین کی پلیئنگ الیون میں واپسی کا امکان روشن ہوگیا۔

عبداللہ شفیق نے 38 اور حسین طلعت نے 24 رنز بنائے، فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں،انجرڈ بابر اعظم اور امام الحق فزیکل ٹریننگ تک محدود رہے، قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی کوئنز ٹاؤن میں تیاریوں کا مرحلہ مکمل ہوگیا، پہلے معرکے کیلیے گرین شرٹس کا منگل کو آکلینڈ میں پڑاؤ ہوگا،دوسری جانب پاکستان شاہینز وانگرائے پہنچ گئے، نیوزی لینڈ اے کیخلاف 4 روزہ میچ جمعرات کو شروع ہوگا، ٹیسٹ پلیئرز مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرینگے۔تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کے انجرڈ ہونے کے بعد ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت نائب کپتان شاداب خان کو سنبھالنا ہے۔

ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس کرنے پر اتوار کو انھوں نے بولنگ سے گریز کیا تھا،آل راؤنڈر نے گذشتہ روز بیٹنگ کے ساتھ بولنگ پریکٹس بھی کی جس سے ٹیم مینجمنٹ کی جان میں جان آگئی، ٹیم ڈاکٹر شاداب کی انجری کا جائزہ لیتے رہے توقع یہی ہے کہ وہ جمعے کو پہلے میچ میں حصہ لیں گے،گذشتہ روز قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نے کوئنز ٹاؤن کے ایونٹ سینٹر میں تیسرا اور آخری ٹارگٹ میچ کھیلا، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے صرف اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کو کریز پر آنے کا موقع دیتے ہوئے بولرز کو اہداف ناممکن بنانے کا ٹاسک دیا۔

اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد بھرپور فارم میں نظر آئے،انھوں نے صرف 48 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں تمام بولرز کے صبر کا امتحان لیا، عبداللہ شفیق نے 38 اور حسین طلعت نے 24 رنز بنائے، فہیم اشرف نے 2 جبکہ وہاب ریاض اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، زمبابوے سے ہوم سیریز کے 3 میچز میں افتخار احمد نے 23کی اوسط سے 46رنز بنائے تھے،البتہ اس دوران ایک اننگز میں 5 وکٹیں لی تھیں۔

مختصر فارمیٹ کی سیریز میں انھیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا،حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پلیئنگ الیون میں افتخار کو شامل کرنے کا امکان روشن ہوگیا ہے،بابر اعظم کی عدم موجودگی میں بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیوں کے ساتھ افتخارکی جگہ بھی بن جائے گی، میچ سے قبل اور بعد میں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان لیکچر میں بیٹسمینوں کو کنڈیشنز سے آگاہ کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کے نسخے بتاتے رہے، بابراعظم اور امام الحق نے ہلکی پھلکی فزیکل ٹریننگ کی۔

دونوں کے انگوٹھے فریکچر اور کم از کم 12دن کیلیے بیٹنگ کے قابل نہیں ہوسکیں گے، امام الحق پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں شامل تھے لیکن علاج کی غرض سے انھیں کوئنز ٹاؤن میں ہی روک لیا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں نے ٹارگٹ میچ کھیلنے کے بعد جم سمیت اپنی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا، قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ منگل کو آکلینڈ روانہ ہوگا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائیگا، اس سے قبل آکلینڈ میں گرین شرٹس کو تیاریوں کیلیے مزید 2روز میسر ہوں گے۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی 20دسمبر کو ہیملٹن، تیسرا 22دسمبر کو نیپیئر میں شیڈول ہے، دریں اثناء پاکستان شاہینز کا 22 رکنی اسکواڈ وانگرے پہنچ گیا جہاں ٹور کا واحد 4روزہ میچ 17 دسمبر کو شروع ہوگا، پلیئنگ الیون کا انتخاب کرتے ہوئے ٹیسٹ پلیئرز کو میچ پریکٹس کرانا مینجمنٹ کی اولین ترجیح ہوگی، اظہر علی، شان مسعود، عابدعلی، حارث سہیل، فواد عالم، محمد عباس، نسیم شاہ،سہیل خان اور یاسر شاہ کیوی کنڈیشنز میں بہترین کارکردگی سے اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرینگے، پہلا ٹیسٹ 26دسمبر کو شیڈول ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ پلیئرز کو تیاری کیلیے زیادہ وقت میسر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں