نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستانی ٹیم آک لینڈ پہنچ گئی

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا


Sports Reporter December 15, 2020
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

NEW YORK: کیویز کے دیس میں کڑے چیلنج سے نمٹنے کا وقت قریب آنے لگا، ادھوری تیاریوں کے ساتھ گرین شرٹس آکلینڈ پہنچ گئے، بدھ کو پہلے پریکٹس سیشن میں بھرپور مشقوں کے ساتھ متوازن کمبی نیشن کی تشکیل پر بھی غور ہوگا، جمعے کو شیڈول پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلیے شاداب خان کی میچ فٹنس پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی،فی الحال آل راؤنڈر کی دستیابی کیلیے پْرامید مینجمنٹ کسی دوسرے کھلاڑی کو قیادت سونپنے کی کوئی فکر نہیں کر رہی۔

دریں اثناکیویز سے مختصر فارمیٹ کے 21باہمی مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا،گرین شرٹس 13میں سرخرو ہوئے،اپنے ملک میں میزبان ٹیم کو معمولی برتری حاصل ہے،اس نے9میں سے 5میچز میں فتح پائی،گذشتہ سیریز مہمان ٹیم نے2-1سے جیتی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں قرنطینہ کے طویل اور صبر آزما مرحلے سے گزرنے کے بعد پاکستانی اسکواڈ نے کوئنز ٹاؤن کی کھلی فضاؤں میں سکھ کا سانس لیا، وہیں ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع ہوا، اس دوران 3ٹارگٹ میچ کھیل کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی گئی۔

مہمان اسکواڈ کو اتوار کے دن ایک بڑا دھچکا لگ گیا جب کپتان بابر اعظم انگوٹھا فریکچر ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے، دوسری جانب نائب کپتان شاداب خان کی انجری نے مینجمنٹ کو مزید تشویش میں مبتلا کر دیا،پیر کو آل راؤنڈر نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی کی تو پہلے میچ میں شرکت کا امکان روشن لگنے لگا،گذشتہ روز قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ بذریعہ ہوائی جہاز آکلینڈ پہنچ گیا جہاں پہلا میچ جمعے کوکھیلا جائے گا،سفر کے بعد مہمان کرکٹرز میں سے بیشتر نے آرام کیا۔

چند شام کو گھومنے پھرنے کیلیے بھی باہر نکلے، پہلے میچ کی تیاری کیلیے گرین شرٹس کے پاس اب صرف 2روز باقی رہ گئے ہیں،بدھ کو آکلینڈ میں پہلا ٹریننگ سیشن ہوگا،بیٹنگ،بولنگ اور پریکٹس میں مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کی کوشش ہوگی،ٹیم ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے شاداب خان قیادت کیلیے دستیاب ہیں لیکن اگلے 2 روز اس حوالے سے بہت اہم ہوں گے، ٹریننگ کے دوران ان کی فٹنس کا بغور جائزہ لیا جائے گا، دوسری جانب بابرکی عدم موجودگی میں ٹیم مینجمنٹ کو درست کمبی نیشن میدان میں اتارنے کا چیلنج درپیش ہے۔

محمد رضوان کے ساتھ اوپننگ کے امیدوار عبداللہ شفیق اور حیدر علی کا انٹرنیشنل کرکٹ میں تجربہ نہ ہونے کے برابر ہے، مشکل کنڈیشنز میں مہلک ہتھیاروں سے مزین کیوی بولنگ اٹیک کا سامنا آسان نہیں ہوگا، اننگز کے آغاز کیلیے محمد رضوان یا محمد حفیظ کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر غور جاری ہے۔

اس فیصلے کے بعد دیگر کا بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل ہوگا، ان سب کیلیے زیادہ وقت باقی نہیں رہا۔ دریں اثنا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین اب تک 21 میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین شرٹس نے 13جیتے،8میں کیویز نے کامیابی حاصل کی،نیوزی لینڈ میں دونوں ٹیمیں 9بار مقابل ہوئی ہیں،پاکستان نے 4میں فتح پائی، 5میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیویز کے دیس میں پہلی باہمی سیریز دسمبر 2010میں ہوئی،میزبان ٹیم نے 2-1سے برتری ثابت کی،جنوری 2016میں بھی کیویز نے اسی مارجن سے سیریز اپنے نام کی۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ جنوری 2018میں ہونے والے گذشتہ ٹور میں پاکستان ٹیم 2-1سے سرخرو ہوئی تھی، اس سیریز میں 2 اچھی اننگز کھیلنے والے بابر اعظم کی خدمات اس بار میسر نہیں،نیوزی لینڈ نے ماؤنٹ مانگونئی میں 7وکٹ سے فتح پائی تھی،گرین شرٹس صرف 105رنز تک محدود رہے،بابر اعظم41 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے تھے،کیویز نے ہدف 16ویں اوورز میں ہی حاصل کرلیا تھا، آکلینڈ میں پاکستان نے 48رنز سے برتری ثابت کی،فخرزمان اور بابر اعظم نے ففٹیز بنائیں،فہیم اشرف نے3 وکٹیں لیں،ماؤنٹ مانگونئی میں مہمان ٹیم 18رنز سے سرخرو ہوئی، فخرزمان نے 46رنز بنائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں