کراچیسابق گورنر بلوچستان کا بیٹا قتل کے الزام میں گرفتار

فبیان مگسی سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کا سوتیلا بیٹا ہے،ڈی آئی جی ساؤتھ

فبیان مگسی سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کا سوتیلا بیٹا ہے،ڈی آئی جی ساؤتھ۔فوٹو:فائل

درخشاں پولیس نے جھگڑے کے دوران اسلحہ چھین کر سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے الزام میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں شامل فبیان مگسی خود کو سابق گورنر بلوچستان کا بیٹا بتاتا ہے، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ درخشاں کے علاقے ڈیفنس( ڈی ایچ اے) فیز 8 واقع سنیما ہال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش میں ہونے والے جھگڑے میں ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ 35 سالہ محمد آصف ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او انسپکٹر زوار حسین نے بتایا کہ واقعے کے بعد سنیما ہال میں زبردستی داخل ہونے والے 2 افراد فبیان مگسی اور اورنگزیب کو حراست میں لے لیا گیا،گرفتار کیے جانے والا فبیان مگسی خود کو سابق وزیر گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کا بیٹا بتاتا ہے جبکہ اورنگزیب اس کا دوست ہے۔


دونوں افراد نے جھگڑے کے دوران نہ صرف شور شرابہ کیا بلکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، ہلاک ہونے والا محمد آصف شیریں جناح کالونی کا رہائشی ہے۔ مقتول کے بھائی عاصم نے الزام لگایاکہ ملزمان نے سنیما کے سیکیورٹی گارڈ افسر خان سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کا بھائی ہلاک ہوگیا جس پر درخشاں پولیس نے عاصم کی مدعیت میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 686/13 درج کرلیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ فبیان مگسی سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کا سوتیلا بیٹا ہے۔

 
Load Next Story