کوئٹہ میں شدید ٹھنڈ سے سڑکوں پر پانی جم گیا پھسلن سے27 افراد زخمی

اگلے 4 روز تک کو ئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات

شدید سردی كے باعث بیستر علاقوں میں لوگ گھروں تک محدود ہوگے، گیس و بجلی بھی غائب ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

شہر میں شدید ٹھنڈ سے سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا جس کے باعث پھسلن سے 27 افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ میں خون جما دینے والی ٹھنڈ نے شہریوں كو گھروں تک محدود كردیا مگر گھروں میں بھی گیس بجلی غائب ہونے سے شہری دھوپ میں بیٹھنے پر ہی اكتفا كرنے لگے جب كہ اكثر شہریوں نے جگہ جگہ سردی سے بچاؤ كے لئے الاؤ جلالئے، لوگوں کے معمولات زندگی مفلوج ہوكر رہ گئے، ٹھنڈ كے باعث شہری ایل پی جی سلنڈر بھروانے كیلئے لائنوں میں لگ گئے۔


یہ بھی پڑھیں ؛کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں پارہ منفی 6 تک گرگیا، شہری ٹھٹھر گئے

گلی محلوں کے نلكوں میں پانی بھی جم گیا جب کہ سڑکوں پر کھڑا پانی جمنے سے پھسلن كے واقعات بھی عام ہوگئے، صرف 2 روز میں سول اسپتال كے شعبہ حادثات میں موٹر سائیكل اور سائیكل سے پھسلن كے باعث زخمی ہونے والے افراد كی تعداد 27 بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب محكمہ موسميات كے مطابق كوئٹہ ميں كم سے كم درجہ حرارت منفی 07.05 اور زيادہ سے زيادہ 06.05 سينٹی گريڈ رہا جب كہ ہوا ميں نمی كا تناسب 78 فيصد رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 4 روز تک کو ئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
Load Next Story