جدید کرکٹ بابر اعظم دوسروں کیلیے مثال قرار

قومی ٹیم کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،مصباح الحق


Sports Reporter December 17, 2020
میرا دور گزر گیا شخصیت کو نہ دیکھا جائے، درست سمت میں گامزن ہیں۔ فوٹو: فائل

MILAN: مصباح الحق نے جدید کرکٹ میں بابر اعظم کو دوسروں کیلیے مثال قرار دے دیا۔

پی سی بی کی ویب سائٹ کیلیے رمیز راجہ کو انٹرویو میں کوچنگ میں جارح مزاجی کی کمی نظر آنے کے سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ہم جب بھی کوئی حکمت عملی بناتے ہیں اپنے وسائل کو دیکھنا پڑتا ہے،مینجمنٹ کے لیے سب سے اہم یہی جاننا ہوتا ہے کہ کس پلیئر میں کیا صلاحیت موجود اور اسے کہاں استعمال کیا جا سکتا ہے، مختلف مزاج کے کھلاڑیوں کی نفسیات سمجھ کر رہنمائی سب سے مشکل کام ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم وائٹ بال کرکٹ میں مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کئی مثبت پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔ کپتان کا دوسروں کے لیے مثال بننا ضروری ہے، بابر اعظم کی کارکردگی سب کے سامنے ہے،وہ قیادت کا حق ادا کررہے ہیں، نائب کپتان شاداب خان بھی ایک آل راؤنڈر کے طور پر ابھر رہے ہیں، دونوں جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں، دوسرے بھی ان کی تقلید کریں گے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ٹمپرامنٹ سے کارکردگی میں تسلسل آتا ہے، میرا دور مختلف تھا، لوگوں کو میری شخصیت کو نظر میں نہیں رکھنا چاہیے،ہم درست سمت میں گامزن ہیں، کبھی سفر میں تھوڑا پیچھے ہٹنا بھی پڑ جاتا ہے مگر نوجوان کرکٹرز اپنی کارکردگی سے روشن مستقبل کی جھلک دکھارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہدف ہے، اس ضمن میں فٹنس اور کارکردگی کے معیار تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں، انگلینڈ میں سیریز سے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا کہ ہم ان کنڈیشنز میں بھی 190 سے زائد اسکور کر سکتے ہیں، خاص طور پر ٹاپ آرڈر نے فارمیٹ کی ضرورت کے مطابق بیٹنگ کی،میں اس کارکردگی سے خاصا مطمئن ہوں،ہم درست سمت میں گامزن ہیں مگر نمبر 5، 6اور7پر پاور ہاؤس پر ابھی تک کام ہو رہا ہے،اس سلسلے میں ہمیں دوسری ٹیموں کے ہم پلہ ہونا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں