شادی کیلئے بینک سے لڑکی کو اغوا کرنے والے دو ملزمان گرفتار

تنزیلہ اور ملزم عمیر کوچنگ سینٹر میں ساتھ پڑھتے تھے


Staff Reporter December 17, 2020
تنزیلہ اور ملزم عمیر کوچنگ سینٹر میں ساتھ پڑھتے تھے

نارتھ ناظم آباد میں بینک سے لڑکی کو اغوا کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

جمعرات کی صبح حیدری کے علاقے میں قائم بینک میں کام کرنے والی ایک لڑکی کو دو ملزمان نے بہانے سے باہر بلایا اور زبردستی ہائی روف گاڑی میں بٹھاکر لے جانے لگے۔

اسی دوران بینک مینیجر نے بروقت پولیس مددگار ہیلپ لائن ون فائیو پر کال کی ، فوری طور پر کنٹرول پر میسیج چلنے کے بعد ہائی روف کی تلاش شروع کردی گئی جوکہ کچھ ہی دیر میں شفیق موڑ کے قریب گبول ٹاؤن کے علاقے میں ٹریس ہوئی ، ون فائیو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہائی روف روک کر دو ملزمان کو گرفتار کرکے لڑکی کو بازیاب کرالیا اور تمام افراد کو گبول ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا۔

ایس ایچ او گبول ٹاؤن انسپکٹر روشن نے ایکسپریس کو بتایا کہ لڑکی تنزیلہ نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے قریب قائم بینک میں ملازمت کرتی ہے ، تنزیلہ اور ملزم عمیر کوچنگ سینٹر میں ساتھ پڑھتے تھے جبکہ کچھ عرصہ قبل عمیر نے شادی کے لیے رشتہ بھی بھیجا تھا جسے تنزیلہ کے گھر والوں نے رد کردیا تھا ، دونوں آپس میں رابطے میں تھے۔

گزشتہ روز عمیر نے اپنے دوست یاسین کے ساتھ تنزیلہ کو اغوا کرنے کا پروگرام بنایا لیکن پولیس کو بروقت اطلاع ملنے کی وجہ سے منصوبہ ناکام ہوگیا ، چاروں افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں ، اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد انسپکٹر راشد کا کہنا تھا کہ چونکہ اغوا کا واقعہ ان کے علاقے سے شروع ہوا تھا لہٰذا قانونی کارروائی نارتھ ناظم آباد تھانے سے کی جائے گی ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔