راوی اربن سٹی منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ تعینات فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری

راوی سٹی اور آئی لینڈ سٹی بہت بڑے منصوبے ہیں جن سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار بڑھے گا، وزیراعظم


ویب ڈیسک December 18, 2020
راوی سٹی اور آئی لینڈ سٹی بہت بڑے منصوبے ہیں جن سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار بڑھے گا، وزیراعظم (فوٹو : فائل)

راوی اربن سٹی منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ تعینات کردیا گیا جب کہ فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی، وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جزائر کے منصوبوں سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار میں اضافہ ہوگا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اور پاکستان آئی لینڈ منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، چیئرمین پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین، لیفٹینیٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین اور میجر جنرل (ر) امیر اسلم خان اور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے شرکت کی۔

ویڈیو لنک کے ذریعے مشیر وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب، چیرمین روڈا راشد عزیزاور سینئیر افسران شریک تھے۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ راوی اربن سٹی منصوبے کے لیے ڈیزائن اور کنسٹرکشن کنسلٹنٹ تعینات کر دیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے پروگرام جاری کرنے کے لیے تیاری مکمل ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے اصولی طور پر فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکنیکل کنسلٹینسی کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے LEAD Pakistan سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں، جزائر پر موجود مینگروز کے تحفظ کے لیے ''بین الاقوامی مینگروو الائنس'' سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیا جاچکے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے دونوں منصوبوں کو ہدف کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی اور آئی لینڈ سٹی بہت بڑے منصوبے ہیں جن سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار بڑھے گا اور ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کی ان منصوبوں میں دلچسپی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی سے کام کیا جائے، دونوں منصوبے شہری تعمیرات و ترقی کے حوالے سے قابلِ تقلید ماڈل ثابت ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں