تنقید کے نشتر کھا کر سری لنکن ٹائیگرز جاگ اٹھے

چندیمل ناقابل شکست64کی اننگز کھیل کر ٹیم کی ساکھ بچانے میں کامیاب، صہیب نے مینڈس کا کیچ چھوڑ کر کام آسان بنایا


Sports Desk December 28, 2013
2وکٹ سے ناکامی کا شکار ہونے والی پاکستانی سائیڈ نے سیریز3-2 سے اپنے نام کی، مصباح الحق کی نصف سنچری، انور علی کے برق رفتار41رنز، مالنگا نے4 وکٹیں لیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: تنقیدکے نشتر کھاکر سری لنکن ٹائیگرز جاگ اٹھے، دنیش چندیمل پانچویں ون ڈے میں ناقابل شکست64رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی ساکھ بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

2وکٹ سے ناکامی کا شکار ہونے والی میزبان سائیڈ نے سیریز 3-2 سے اپنے نام کی،چندیمل نے صہیب مقصودکے ڈراپ کیچ سے موقع پانے والے اجنتھا مینڈس کے ہمراہ عمر گل کے اوورمیں15رنز بٹور کر ٹیم کی ڈوبتی نائو پار لگا دی،ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے برق رفتاری سے رنز بنائے،کوشل پریرا نے47کی اننگز کھیلی،دلشان نے 45 رنزکا حصہ ڈالا، جنید خان3 اور سعید اجمل2 وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود شکست کو نہ ٹال سکے،قبل ازیں میزبان اوپنرز کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بڑی شراکت نہ بن پائی، محمد حفیظ نے41 رنز اسکور کیے، مصباح الحق کی ففٹی نے ٹیم کو سنبھالا دیا، انور علی کے برق رفتار41رنز کی بدولت گرین شرٹس نے 232کا مجموعہ حاصل کیا، لیستھ مالنگا4 اور لکمل 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ تفصیلات کے مطابق سیریز میں شکست کے سبب تنقید کی زد میں آنے والی سری لنکن ٹیم نے آخری ون ڈے میں عمدہ کم بیک کیا، کوشل پریرا اور دلشان نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا، محمد حفیظ نے پریرا کو 47 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا، پہلی وکٹ گرنے سے قبل 12.1اوورز میں 75رنز بن چکے تھے۔

بعد ازاں نپی تلی بولنگ نے آئی لینڈرز کو دفاع پر مجبور کیا، دلشان(45) نے جنید خان کی گیند فائن لیگ کی طرف اچھال دی جہاں سعید اجمل موجود تھے، انتہائی محتاط بیٹنگ سے 45گیندوں پر 22 رنز بنانے والے سنگاکارا کی لیگ اسٹمپ جنیدخان نے اڑا دی، تیسری وکٹ 129پر گری، عمر گل نے پریانجن(1) کو عمر اکمل کی مدد سے پویلین بھیجا،انور علی نے اینجیلو میتھیوز(8) کی وکٹ حاصل کی، گیند بیٹ کو چھوکر عمر اکمل کے ہاتھوں میں گئی لیکن فیصلے کیلیے پاکستان کو ریویو کا سہارا لینا پڑا،39 گیندوں پر 44رنز درکار تھے کہ سعید اجمل نے وتھانگے(14)کو بولڈ کردیا، سینانائیکے 3رنز بناکر جنید خان اور محمد حفیظ کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، مالنگا کو سعید اجمل نے بولڈ کرکے اجنتھا مینڈس کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا تاہم ریویو نے انھیں بچالیا، ان کا2رنزپر کیچ صہیب مقصود نے بھی ڈراپ کیا،آخری 2 اوورز میں 18 رنز درکار تھے کہ چندیمل نے عمر گل کو پہلی گیند پر چھکا جڑ دیا،مینڈس نے چوتھی گیند پر یہی عمل دہرایا،آخری اوور میں فتح سے 3رنز کا فاصلہ رہ گیا جس کیلیے آئی لینڈرز نے 4 گیندیں صرف کیں۔قبل ازیں احمد شہزاد نے سورنگا لکمل کو چوکا اور چھکا جڑ کر ہاتھ کھولے ہی تھے کہ اگلی ہی گیند پر جکڑے گئے۔

 photo 2_zps8dfdda45.jpg

مڈ آن پر ایشان پریانجن نے آسان کیچ پکڑ کر اننگز کا17پر اختتام کر دیا، شرجیل خان ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے، انھوں نے 18رنز بنانے کے بعد مالنگا کی سلو بال پرریٹرن کیچ تھما دیا۔ صہیب مقصود صرف 7رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں میدان بدر کیلیے مالنگا نے دلشان سے مدد حاصل کی، 128 پر محمد حفیظ کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو گیا، اینجیلو میتھیوز نے انھیں 41رنز پر بولڈ کر کے سیریز میں چوتھی سنچری کا خواب بکھیر دیا، عمر اکمل کچھ زیادہ ہی محتاط نظر آئے، انھوں نے 26گیندوں پر 7رنز بنائے تھے کہ ڈراپ کیچ نے سینانائیکے کو وکٹ سے محروم کر دیا، پاور پلے میں مصباح الحق نے تھوڑی تیزی دکھاتے ہوئے مالنگا کو چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر سنگا کارا کے لیگ سائیڈ پر کیچ نے ان کی اننگز کا 51 پر اختتام کر دیا، کپتان کے جاتے ہی عمر اکمل بھی 20رنز بنا کر چلتے بنے۔

اجنتھا مینڈس کی گیند پر دلشان کو کیچ لینے کا موقع ملا، عبدالرحمان صرف ایک رن بنانے کے بعد مالنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس وقت صرف 176 رنز اسکور بورڈ پر موجود تھے، انور علی نے 7پر ڈراپ کیچ اور ایل بی ڈبلیو کیخلاف کامیاب ریویو کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برق رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران عمر گل 8پر رن آئوٹ ہو گئے، انور علی نے مالنگا کو چوکا اور چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 228تک پہنچایا لیکن سعید اجمل 8 ساتھ چھوڑ گئے، لکمل نے انھیں ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد اگلی گیند پر جنید خان کو بھی آئوٹ کردیا۔ پاکستان کی اننگز 3گیندوں قبل232 پر تمام ہوئی، انور41رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، مالنگا نے4 اور لکمل نے 3 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں