وزیر خارجہ کی اماراتی ہم منصب سے ملاقات کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی


ویب ڈیسک December 18, 2020
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی امیر دبئی سے ملاقات، پاکستانیوں کی مشکلات حل کرنے پرزور

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے، یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں