ایشنر فتح کے نشے میں چور کینگروز لڑکھڑانے لگے

انگلش پیسرزنے سلو پچ پر تیزی دکھاتے ہوئے9 بیٹسمین صرف 164رنزپر پویلین بھیج دیے،بریسنن اور براڈکی3، 3 وکٹیں


AFP/Sports Desk December 28, 2013
انگلش پیسرزنے سلو پچ پر تیزی دکھاتے ہوئے9 بیٹسمین صرف 164رنزپر پویلین بھیج دیے،بریسنن اور براڈکی3، 3 وکٹیں. فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایشز فتح کے نشے میں چور کینگروز لڑکھڑانے لگے، انگلش فاسٹ بولرز نے سلو پچ پر تیزی دکھاتے ہوئے میزبان ٹیم کے 9 بیٹسمین صرف 164پر پویلین بھیج دیے، بریسنن اور براڈ نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل مہمان ٹیم کی اننگز کا 255پر اختتام ہوا، مچل جونسن نے5 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز 3-0 سے جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سلو پچ پر مشکلات سے دوچار ہوگئی،دوسرے روز کینگروز کے 164 رنز پر 9کھلاڑی پویلین لوٹ چکے،پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلیے مزید 91 رنز کی ضرورت ہے، ٹاپ اسکورر کرس راجرز (61) کے سواکوئی بیٹسمین خاص کارکردگی نہ دکھا سکا، بریڈ ہیڈن 43 رنز کیساتھ مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔کینگروز کی اننگز ابتدا میں ہی تباہی کا شکار ہوگئی، ڈیوڈ وارنر 9 رنز بناکر بریسنن کا شکار ثابت ہوئے، شین واٹسن(10) کو بین اسٹوکس نے چلتا کیا، مائیکل کلارک نے بھی اتنے ہی رنز بنائے تھے کہ اینڈرسن نے بیلز اڑا دیں، صرف 62 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد اسٹیون اسمتھ کچھ دیر وکٹ پر رکے مگر اپنی اننگز کو 19رنز سے آگے نہ لے جا سکے۔

 photo 4_zpsb63940bb.jpg

وہ براڈ کی وکٹ ثابت ہوئے، کرس راجرز(61) کی مزاحمت بریسنن نے ختم کی، بیلی کو انڈرسن نے کھاتہ کھولنے کا موقع نہ دیا، جونسن کیچ ڈراپ ہونے کے باوجود 2 رنز پر بریسنن کی وکٹ بنے،ریان ہیرس کو براڈ نے 6 رنز تک محدود کیا،انھوں نے ہی پیٹر سڈل کو صفر پر آؤٹ کیا تو اسکور بورڈ پر صرف 164رنز کینگروز کو منہ چڑا رہے تھے۔ بریڈ ہیڈن( 47) محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی اننگز کے خسارے سے بچانے کیلیے کوشاں ہیں، ان کو صرف نئے بیٹسمین ناتھن لیون کا ساتھ حاصل ہوگا، اینڈرسن اور براڈ نے 3، 3 بریسنن نے 2 اور بین اسٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں دن کے دوسرے ہی اوور میں جانسن نے بریسنن (1) اور پیٹرسن (71) کی وکٹیں لے کر انگلش ٹیم پر کاری ضرب لگا دی، اسٹورٹ براڈ 11 اور مونٹی پینسر 2 رنز بنا سکے،جیمز اینڈرسن 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،انگلینڈ کی اننگز255پر سمٹ گئی، جونسن 5، ہیرس 2 جبکہ پیٹر سڈل، ناتھن لیون اور شین واٹسن ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں