مفتی انس جیسے شوہر کیلئے برسوں خدا سے دعائیں مانگی ہیں ثنا خان

مجھے انس میں جو بات سب سے زیادہ پسند ہے کہ وہ شریف ہیں اور ان میں حیا ہے، ثنا خان


ویب ڈیسک December 18, 2020
انس کے ساتھ شادی کرنے کافیصلہ راتوں رات نہیں کیا۔ ثنا خان فوٹوانٹرنیٹ

KARACHI: اسلام کے راستے پر چلنے کے لیے بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثنا خان کا اپنے شوہر مفتی انس کے حوالے سے کہنا ہے کہ انس کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ راتوں رات نہیں لیا بلکہ میں نے اس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں مانگی ہیں۔

حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں ثنا خان نے اپنے شوہر سید انس سے پہلی ملاقات اور ان کے شوہر نے کس طرح ان کی زندگی کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا اس کے متعلق بتایا۔ ثنا خان کے مطابق وہ اور ان کے شوہر پہلی بار 2017 میں مکہ میں ملے تھے۔

ثنا خان نے بتایاکہ جس دن میں بھارت لوٹ رہی تھی میری انس کے ساتھ مختصر ملاقات ہوئی اور انس کا مجھ سے بطور اسلامی اسکالرتعارف ہوا تھا۔ یہاں میں ایک بات کی وضاحت کرنا چاہوں گی کہ انس ''مفتی'' نہیں بلکہ ''عالم'' ہیں۔ میں نے 2018 کے آخر میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا کیونکہ میرے ذہن میں مذہب کو لے کر چند سوالات تھے۔ اور پھر تقریباً ایک سال بعد 2020 میں ایک بار پھر ہم دونوں میں رابطہ ہوا کیونکہ میں ہمیشہ اسلام کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی طرف مائل تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا خان کی شوہر کیساتھ آیۃ الکرسی پڑھتے ہوئے ویڈیو

ثنا خان نے اپنی اور سید انس کی شادی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں نے انس کے ساتھ شادی کرنے کافیصلہ راتوں رات نہیں لیا۔ بلکہ میں نے اپنی زندگی میں انس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں کی ہیں۔ مجھے انس میں جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ یہ کہ وہ 'شریف' ہیں اور 'ان میں حیا ہے'۔ وہ دوسروں کو جج نہیں کرتے۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا اگر کوئی اچھی چیز گٹر میں گرجائے تو اس کے اوپر آپ 10 بالٹی پانی ڈال دو وہ صاف نہیں ہوتی لیکن اس کو گٹر سے باہر نکال کر ایک گلاس پانی ڈال دو وہ صاف ہوجاتی ہے ۔ ان کی اس بات نے مجھ پر گہرے اثرات چھوڑے۔

اپنے پروفیشن کے حوالے سے ثنا خان نے بات کرتےہوئے کہا مجھ سے بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ مجھے اس بات کا احساس اتنی دیر سے کیوں ہوا کہ میں غلط پروفیشن میں ہوں۔تو میں کہنا چاہتی ہوں بہت ساری چیزوں کا احساس آپ کو فوراً نہیں ہوتا ۔ آپ کو اتنا گلیمر اور نام مل جاتا ہے کہ یا تو آپ کو کچھ دکھائی نہیں دیتا یا آپ فیصلہ ہی نہیں لے پاتے ہیں۔

میں اپنے گھر میں کمانے والی واحد تھی اور لاک ڈاؤن نے مجھے یہ سمجھنے میں مدد کی کہ مجھے یہ قدم اٹھانا چاہیئے۔ جو کام میں کررہی تھی وہ میرے لیے نہیں تھا۔ بالی ووڈ نے مجھے جو کچھ دیا میں اس کے لیے شکرگزار ہوں لیکن مجھے احساس ہوگیا تھا کہ میں اس انڈسٹری کے لیے نہیں ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا خان نے شوہر مفتی انس کیساتھ ہنی مون کی تصاویر شیئر کردیں

شوبز کے بعد سوشل میڈیا کو چھوڑنے کے حوالے سے ثنا خان نے کہا میں سوشل میڈیا کو بالکل بھی نہیں چھوڑوں گی۔ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کیا میں سنیاس (دنیا کو چھوڑ کر الگ تھلگ ہوجانا) لے لوں گی لیکن میں بتانا چاہتی ہوں کہ سنیاس لینے میں اور زندگی کو مذہب کے مطابق گزارنے میں بہت فرق ہے۔

شادی کے بعد لوگوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر ثنا خان نے کہا میری شادی دوسروں کامسئلہ کیسے ہوسکتی ہے؟ میں نے تنقید سننے کے لیے شادی نہیں کی ۔ میرے شوہر ایک اچھے انسان ہیں اور مجھے وہ بہت خوبصورت لگتے ہیں ہوسکتا ہے آپ کو نہیں لگتے ہوں لیکن مجھے پرواہ نہیں۔

بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثنا خان نے کہا میرے شوہر چاہتے ہیں کہ ہم ابھی فیملی پلاننگ نہ کریں لیکن میں چاہتی ہوں کہ ہمارے بچے جلدی ہوں۔

انٹرویو کے دوران مولانا انس سید نے ثنا خان کے ساتھ شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں نے خدا سے دعا کی تھی کہ میں ثنا خان کے ساتھ شادی کرنا چاہتا ہوں اور خدا نے میری دعا سن لی۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر میری شادی کسی اور سے ہوئی ہوتی تو میں اتنا خوش نہ ہوتا۔ ثنا معاف کرنے والی اور صاف دل کی لڑکی ہے میں ہمیشہ سے ایسی لڑکی چاہتا تھا جو مجھے مکمل کرے۔

مولانا انس نے مزید کہا لوگ مجھ سے اب بھی پوچھتے ہیں کہ میں نے ایک اداکارہ سے کیسے شادی کرلی؟ لیکن یہ سب چھوٹی سوچ کے لوگ ہیں۔ یہ میری زندگی ہے اور کسی کو اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیئے۔ لوگ یہ سوچنے کے لیے آزاد ہیں کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نہیں جچتے لیکن یہ صرف ہم دونوں جانتے ہیں کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے کتنے ہم آہنگ ہیں۔

مولانا انس نے مزید کہا میں نے ثنا خان کو کبھی بھی کسی خاص طریقے سے زندگی گزارنے پر مجبور نہیں کیا۔ اس نے تقریباً 6 ماہ قبل انسٹاگرام پر حجاب لینے کا اعلان کیا۔ لوگوں کا خیال تھا کہ ثنا نے یہ فیصلہ وبائی بیماری اور کام نہ ہونے کی وجہ سے لیا ہے۔ لیکن وہ ہمیشہ اپنے کاموں سے خود کو الگ رکھنا چاہتی تھی۔ درحقیقت میں خود ثنا خان کے انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے سے حیران تھا۔

واضح رہے کہ ثنا خان بھارتی ریاست گجرات کے شہر صورت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین مولانا انس سید کے ساتھ دو ماہ قبل شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |