نواز شریف اور اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے وزیر داخلہ

سینیٹ الیکشن جیت گئے تو ایسے قانون بنائیں گے کہ کرپٹ سیاست دانوں کی چیخیں نکلیں گی، شیخ رشید


ویب ڈیسک December 18, 2020
الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے دوران کسی بھی دن سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے۔

شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اتوار سے نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے جب کہ ہر وہ شخص جو 18 سال کا ہونے کے بعد پہلا شناختی کارڈ بنوائے گا اس کا شناختی کارڈ مفت بنایا جائے گا اور صرف 15 دن میں بنے گا، پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کھولے جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل 2 ماہ میں حل کر لیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پروا نہیں، اپوزیشن کو سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، 12 فروری سے الیکشن ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی پتہ چلے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے لوگ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے تو ان کی سیٹوں پر الیکشن کرا دیں گے، الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے دوران کسی بھی دن سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ مجھ سے شرط لگا لیں، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، اسحاق ڈار اور نواز شریف کو اللہ لائے تو وہ آئیں گے کیونکہ ہمارا برطانیہ کے ساتھ قیدیوں کا کوئی معاہدہ نہیں، عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کر گیا تو ایسے قانون لائے گا کہ کرپٹ اور بے ایمان سیاست دانوں کی چیخیں نکلیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔