کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں 7کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا اورمنشیات پکڑلی

10افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے، ترجمان

10افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے، ترجمان . فوٹو : فائل

پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں کےدوران 7کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا اورمنشیات پکڑلی قبضےمیں لے لی۔

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈزکے مطابق خفیہ ذرائع سے اطلاع ملنے پرکارروائی کرتے ہوئے حب شہر کے قریب ہوندے واری کے علاقے سے غیرقانونی طریقے سے چھپایا گیا، 18 ہزارلیٹرایرانی ڈیزل اور4بیرل انجن آئل برآمد کرتے ہوئے،4افراد کو گرفتارکرکے آئل ٹینکر کو تحویل میں لیا گیا۔


ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسری کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر) پرکوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ میں سوارمسافر سے پونے دوکلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی چیک پوسٹ پرایک دوسری کارروائی کے دوران آئل ٹینکر سے 15 ہزارلیٹرایرانی ڈیزل برآمد کرکے اسمگلر کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 4ہزار267کلو چھالیہ اورکپڑاتحویل میں لیا گیا، سپرہائی وے کراچی پردوران تلاشی 2ٹرکوں سے 12ہزارکلوگرام چھالیہ برآمد کرکے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی تمام اشیا کی مالیت 7 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، 4عدد ٹرک، آئل ٹینکرجب کہ متفرق اشیا اور 10افراد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

کوسٹ گارڈز اس امرکا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی کاررائیوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔
Load Next Story