سندھ حکومت نے دینی مدارس میں تدریس پر پابندی کا فیصلہ موخر کردیا

دینی مدارس میں تدریس پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد علماء سے مشاورت تک روک دیا گیا ہے


Staff Reporter December 18, 2020
دینی مدارس میں تدریس پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد علماء سے مشاورت تک روک دیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

حکومت سندھ نے دینی مدارس میں تدریس پر پابندی کا فیصلہ مدارس کے منتظمین کے ساتھ مشاورت تک موخر کردیا ہے۔

کراچی سمیت صوبہ سندھ میں کورونا وائرس میں تیزی سے اضافے کے باعث سندھ حکومت نے انتہائی اقدام کے طور پر صوبے بھر کے دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکمنامہ جاری کیا تھا، دینی مدارس اور دینی جماعتوں کے قائدین کے احتجاج کے بعد سندھ حکومت نے جمعہ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے فیصلے پرعملدرآمد فی الحال مؤخر کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیوں پرپابندی کے فیصلے پر احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ سندھ حکومت کو دینی مدارس کے منتظمین سے مشاورت کے بعد فیصلوں کا اعلان کرنا چاہیے۔ اس ضمن میں دینی مدارس کے منتظمین نے گذشتہ روز جے یو آئی کے قائد اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مشاورت بھی کی تھی۔

سندھ کے وزیر برائے مذہبی امور ناصرحسین شاہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ دینی مدارس میں تدریس پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد فی الحال علماء سے مشاورت تک روک دیا گیا ہے، تمام دینی مدارس میں کورونا ایس اوپیز کے تحت تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور جلد ہی مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں