کورونا نے مزید 87 افراد کی جان لے لی فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار سے بڑھ گئی

ملک کے چار بڑے شہروں میں تشویشناک حالت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی


ویب ڈیسک December 19, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3ہزار179نئے کیسزرپورٹ ہوئے،این سی اوسی فوٹوفائل

ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 87 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 40 ہزار922 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 62 لاکھ 64 ہزار 135 ہوگئی ہے۔

کورونا کی مریضوں کی تعداد کتنی؟

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2لاکھ 29ہزار83 ، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار 706، خیبر پختونخوا میں 54 ہزار 448، اسلام آباد میں 35 ہزار 905، بلوچستان میں 17 ہزار 880، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 937 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 814افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 922 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 486 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں تشویشناک حالت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ ملتان میں 46فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد میں 41، پشاور 21 فیصد جبکہ لاہور میں 34 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔

کورونا سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 87 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 250 ہوگئی ہے۔

صحت یاب مریضوں کی تعداد

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 649 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 501 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں