بھارت نے شرمناک کارکردگی کے ریکارڈ توڑدیے

36پرڈھیر،پہلی بار11بیٹسمین اورایکسٹرازدہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے


Sports Desk December 20, 2020
ایڈیلیڈ پر مختصر ترین اننگز، ہیزل ووڈ کی صرف 25 بالز کے دوران 5 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

بھارت نے شرمناک کارکردگی کے ریکارڈ توڑدیے جب کہ پہلی بار اننگز میں 11 بیٹسمین اور ایکسٹراز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم صرف 36 رنز پر آؤٹ ہوئی، یہ اس کی ٹیسٹ تاریخ کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل ٹیم 1974 میں بھارت انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں 42 رنز پر آؤٹ ہوگیا تھا، مجموعی طور پر یہ ٹیسٹ تاریخ کا پانچواں کمترین اسکور ہے۔

دنیا بھر کی ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار اننگز میں تمام 11 بیٹسمین اور ایکسٹراز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے، اس سے قبل صرف ایک مرتبہ 11 بیٹسمینوں کے میدان بدر ہونے کا واقعہ جنوبی افریقہ کے انگلینڈ سے ایجبسٹن میں 1924 میں کھیلے گئے میچ میں پیش آیا تھا، اس وقت 30 رنز کے ٹوٹل میں 11 رنز ایکسٹراز کی صورت میں شامل تھے۔

پہلی بار بھارت کی ٹیسٹ اننگز میں 6 وکٹیں صرف 19 رنز پر گریں، اس سے قبل اس کا اتنی وکٹوں پر کم اسکور 25 تھا، مجموعی طور پر یہ 6 وکٹوں پر ساتواں کمترین اسکور ہے، جوش ہیزل ووڈ کو اننگز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے میں صرف 25 گیندیں لگیں۔

تیز ترین 5 وکٹوں کا اعزاز آسٹریلیا کے ایرنی ٹوشک کے پاس ہے جنھوں نے برسبین میں بھارت کیخلاف 48-1947 میں 19 بالز پر حاصل کی تھیں، اس ریکارڈ کو انگلش پیسر اسٹورٹ براڈ نے آسٹریلیا کیخلاف ٹرینٹ برج میں 2015 میں برابر کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں