ایم کیو ایم کا فروری میں مہاجر کلچر ڈے منانے کا اعلان

ہم نے اپنی تاریخ، درد اور دکھ سے سیکھا کہ شناخت بوجھ نہیں ہوتی، ایم کیو ایم پاکستان


Staff Reporter December 21, 2020
 ہر سال فروری کے تیسرے اتوارکومہاجر کلچر ڈے منائیں گے، خالدمقبول صدیقی . (فوٹو: فائل)

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت بہادر آباد مرکز سے متصل پارک میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے مہاجربزرگ،نوجوان طلبہ و طالبات سفید کرتا پاجامہ پہن کر شریک ہوئے اور 24دسمبر کو امن واک میں شرکت کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔

اس موقع پر ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آج کے اس پروگرام میں آنے والوں کا میں شکر گزار ہوں ،ہم سب مسلمانان بر صغیر کی تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں جس کی تاریخ ،روایت ثقافت،تہذیب اور سیاسی منظر سے جڑے ہیں اس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ،ہمارے آباء و اجداد نے سرزمین پاکستان کی خاطر سرحد عبور کی اپنی علاقائی زبانوں کو چھوڑنا پڑا لیکن ہم نے اپنی تاریخ سے درد سے اور دکھ سے سیکھا کہ شناختیں بوجھ نہیں ہوتیں، اپنی شناخت چھوڑ کر اسلام کی اور سرزمین پاکستان کی خاطر امن کی خاطرسرحد عبور کرکے آئے اور یہاں آنے کے بعد ہمارے آباؤاجداد نے جس طرح اپنا لوہا منوایا اس کی بھی طویل داستان موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج ہم اپنی شناخت کو منواچکے ہیں آج ہم سے کوئی پوچھ نہیں سکتا کہ مہاجر قومیت کیا ہوتی ہے،جوتحریک جامعہ کراچی سے شروع ہوئی تھی آج وہ اپنی شناخت منواچکی ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری شناخت کا تعلق کسی ردعمل میں نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم جس کلچر کی نمائندگی کرتے ہیں اس میں مشرق سے مغرب،شمال سے جنوب کے کلچر موجود ہیں،مگرہمیں ایک بات کا بہت خیال رکھنا ہوگا کہ ہمیں اپنے کلچرکی ترویج کرنی ہے توہین نہیں ،ہم ہر سال فروری کے تیسرے اتوارکومہاجر کلچر ڈے منائیں گے۔

پنڈال میں موجود تمام شرکا نے ہاتھ اٹھاکر خالد مقبول صدیقی کے اعلان کی تائید کی۔ انھوں نے کہاکہ24دسمبر کو ہونے والی امن واک میں ایم کیو ایم موجود ہوگی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کشور زہرا ،محمد حسین ،عبدالقادر خانزادہ،شکیل احمد،زاہد منصوری اورسی او سی کے انچارج فرقان اطیب موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں