گھریلو ملازمہ نے مالکن کو نشہ آور مشروب پلاکر گھر کا صفایا کردیا

شہری نے دوروز قبل ہی گھریلوملازمہ کو ملازمت پررکھا تھا

شہری نے دوروز قبل ہی گھریلوملازمہ کو ملازمت پررکھا تھا

ڈیفنس بدرکمرشل کے فلیٹ میں دو روز قبل رکھی جانے والی گھریلو ملازمہ نے گھرکے افراد کو قہوہ میں نشہ آورچیزپلادی اور فلیٹ سے نقدی، زیورات اورقیمتی چیزیں چوری کرکے فرارہوگئی۔

درخشاں تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 5 بدرکمرشل میں واقع فلیٹ میں واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے واردات سے ملزمہ کے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھا کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔


اس حوالے سے ایس ایچ او درخشاں نصیرتنولی نے بتایا کہ واردات علی نامی شہری کے فلیٹ میں ہوئی ہے جب شہری کی اہلیہ اور والدہ گھرپرموجود تھی اورگھریلو ملزمہ نے دونوں خواتین کو نشہ آورچیز قہوہ میں ملا کر پلادی جس کے باعث دونوں خواتین بے ہوش ہوگئیں اورملزمہ فلیٹ میں واردات کرکے فرارہوگئی، علی نامی شہری نے دوروز قبل ہی اسے ملازمت پررکھا تھا لیکن نہ تو اس کی پولیس سے تصدیق اور نہ ہی رجسٹریشن کرائی ۔

انھوں نے بتایا کہ تقریبا 10 روزقبل ہی ایس ایس پی ساؤتھ زبیر ندیر شیخ کی ہدایت پر ضلع بھرمیں گھریلو ملازمین، سیکیورٹی گارڈز، مالی ، خانساماں ، ڈرائیور ، صفائی ستھرائی اورتعمیرات کے شبہ سے وابستہ افراد کی تصدیق اوررجسٹریشن کرانے کے لیےہوم سروس شروع کی گئی ہے تاکہ جو لوگ آن لائن یا تھانے جا کرگھریلوملازمین کی تصدیق اوررجسٹریشن نہیں کرانا چاہتے ایسے افراد پولیس کی ڈور ٹو ڈور سروس سے استفادہ حاصل کر سکیں اورگھریلو ملازمین کی تصدیق اوررجسٹریشن کراسکیں۔

ایس ایچ او کے مطابق اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے ہیں لیکن کلفٹن اور ڈیفنس کے مکین گھریلو ملازمین کی تصدیق اوررجسٹریشن کرانے کے لیےہوم سروس لینے سے گریزاں ہیں جس کی وجہ سےپولیس کی مشکلات مزید بڑھ گئیں ہیں۔
Load Next Story