یورپی یونین نے فائزر کی کورونا ویکسین کی مشروط منظوری دیدی

ایگزیکٹو برانچ سے توثیق کے بعد یورپی ممالک میں ویکسینیشن کا آغاز 27 دسمبر سے ہونے کا امکان ہے


ویب ڈیسک December 21, 2020
فائزر کی کورونا ویکسین کو فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے بھی پہلے ہی منظوری مل چکی ہے، فوٹو : فائل

ABU DHABI: یورپی یونین کی میڈیسن ایجنسی نے طویل بحث و مباحثے اور مشاورت کے بعد 16 برس سے بڑی عمر کے افراد میں فائزر اور بائیوٹیک کی کورونا ویکسین کے استعمال کی مشروط اجازت دیدی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور امریکا میں کورونا ویکسینیشن کے آغاز کے بعد یورپی یونین کی ادویہ مجاز اتھارٹی نے بائیو ٹیک اور فائزر کی مشترکہ تیار کردہ کورونا ویکسین کے لئے مشروط منظوری کی سفارش کر دی ہے۔

بند کمرے میں ماہرین کے اجلاس کے بعد یورپی یونین کے ڈرگ ریگولیٹر نے میڈیا کو بتایا کہ فائزر کی کورونا ویکسین کی سفارش کر رہے تاہم دوا ساز کمپنی کو اگلے برس تک اپنی ویکسین پر فالو اپ ڈیٹا جمع کروانا لازمی ہوگا۔

یہ خبر پڑھیں : امریکی ادارے 'ایف ڈی اے' نے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

اس موقع پر یورپی یونین میڈیسن ایجنسی کے سربراہ ایمر کوک کا کہنا تھا کہ یہ واقعی ایک تاریخی سائنسی کامیابی ہے جو عالمی وبائی کے خلاف ہماری لڑائی کا ایک اہم قدم ہے۔

یورپی یونین کی ادویہ کی مجاز اتھارٹی کی سفارش پر ابھی یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ کی توثیق باقی ہے تاہم یہ ایک محض رسمی بات ہے۔

یہ خبر پڑھیں : بحرین کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا

یورپی کمیشن کے صدر اروسولا وان ڈیر لیین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یورپین میڈیسن ایجنسی کی کورونا ویکسین کی منظوری اور سفارش یورپیوں کو محفوظ اور موثر ویکسین فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کا فیصلہ کن لمحہ ہے۔

صدر اروسولا وان ڈیر لیین نے مزید لکھا کہ اب ہم تیزی سے کام کریں گے اور امید ہے ہے کہ دو سے تین روز میں یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ سے منظوری مل جائے گی۔

یہ خبر پڑھیں : دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ کی 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی

اگر تمام معاملات معمول کے مطابق چلتے رہے تو جرمنی اور متعدد دوسرے یورپی ممالک 27 دسمبر سے کورونا ویکسینینش کا آغاز کردیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں