سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار

پولیس نے گلوکار گورو رندھاوا اور ہریھتک روشن کی اہلیہ سوزین خان کو بھی حراست میں لیا

پولیس نے گلوکار گورو رندھاوا اور ہریھتک روشن کی اہلیہ سوزین خان کو بھی حراست میں لیا

سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی پولیس نے ممبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک کلب پر چھاپا مارا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 34 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں کلب مینجمنٹ کے 7 لوگ بھی شامل ہیں۔


رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد میں بھارت کے سابق کرکٹر سریش رائنا بھی شامل ہیں اور اس کے علاوہ بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کے ساتھ ساتھ نامور بھارتی گلوکار گورو رندھاوا بھی شامل ہیں۔

ممبئی پولیس کے مطابق کویڈ 19 کی وجہ سے ہوٹل اور کلب کے ایک مخصوص اوقات طے کیے گئے ہیں لیکن یہ کلب رات 3 بجے بھی کھلا ہوا تھا جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی جب کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گورو رندھاوا، سوزین خان اور سریش رائنا سمیت 34 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ بعد ازاں تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹر سریش رائنا کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سریش ایک شوٹ کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھے اور ایک دوست کی جانب سے کھانے کی دعوت پر کلب میں موجود تھے تاہم انہیں مقامی پولیس کی جانب سے ہوٹل کے اوقات کے حوالے سے معلومات نہیں تھیں ورنہ وہ یہ خلاف ورزی نہ کرتے۔
Load Next Story