پاکستانی سائنس داں اقبال چوہدری کے لیے بین الاقوامی ایوارڈ

نامور پاکستانی کیمیادان کو چین کے گونکسکی صوبے کی ترقی میں نمایاں کردار پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے

پاکستان کے ممتاز کیمیاداں ڈاکٹر پروفیسر محمد اقبال چوہدری کو چین کی جانب سے گولڈن سلک بال فرینڈشپ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

SARGODHA:

پیپلز گورنمنٹ آف گونگسکی زوہانگ آٹو نومس ریجن، چین کی جانب سے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو ''دی 2020ء گونگسکی گولڈن سلک بال فرینڈ شپ'' ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔


آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ ایوارڈ اُن کی گونگسکی صوبے کی معاشی و معاشرتی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے دیا جارہا ہے۔ چینی آفیشلز کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو طلائی تمغہ اور ایک لاکھ آر ایم بی بونس ملے گا جس کے لیے تقریبِ تقسیم انعامات مارچ 2021ء میں منعقد ہوگی۔


واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں۔ امریکا اور یورپ میں ان کی تحریر و ادارت کردہ 76 کتب شائع ہوچکی ہیں۔ علاوہ ازیں 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

مزید برآں ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ پروفیسر اقبال وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔
Load Next Story