فضل الرحمان چلے ہوئے کارتوس نہیں جلی ہوئی پھلجھڑی ہیں عمران اسماعیل

تمام جماعتیں مل کر بھی وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، مولانا فضل الرحمان کی یہاں دال نہیں گلنے والی، گورنر سندھ


Staff Reporter December 22, 2020
ابرار الحق نے بڑی نیکی کری، 25 بنگالی قیدیوں کو رہا کروایا اور انہیں ٹکٹس اور رقم دے کر واپس وطن بھجوایا، گورنر سندھ (فوٹو: فائل)

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، مولانا فضل الرحمان ایک چلے ہوئے کارتوس نہیں بلکہ جلی ہوئی پھلجھڑی ہیں جن کی دال نہیں گلنے والی۔

یہ بات انہوں ںے گورنر ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان ریڈ کریسنٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ابرار الحق اور دیگر سینئر ممبران بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں قید ہمارے بنگالی بھائی جو کئی سال سے مختلف جرائم کی وجہ سے جیلوں میں زندگی گزار رہے ہیں، ان میں سے 25 بنگالی قیدیوں کو ابرارالحق نے بھرپور کوشش کے بعد رہا کروایا اور ان کے ٹکٹس کروا کر انہیں اپنے وطن واپس بھجوایا ہے، میں ابرارالحق اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے مسئلے پر اب امید ہے کہ شیخ رشید نہ صرف بنگالیوں بلکہ افغانیوں کے شناختی کارڈ کے لیے قابل غور تجویز بناکر دیں گے، اس سے قبل بنگلا دیش سے ہمارے درمیان ایسے تعلقات نہیں تھے جیسے اب ہیں، اب بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چلے ہوئے کارتوس نہیں بلکہ جلی ہوئی پھلجھڑی ہیں، وہ کبھی پیپلز پارٹی کو تو کبھی (ن) لیگ کو برا بھلا کہہ رہے ہوتے ہیں، تمام جماعتیں مل کر بھی وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، مولانا فضل الرحمان کی یہاں دال نہیں گلنے والی۔

گیس بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گیس کے بحران پر سیاست چمکائی جارہی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے، ہمیں ایل این جی کی طرف جانا ہوگا، اگر ہم نے دیر کی تو ہمیں سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہم اسکولز اور ریسٹورنٹس تو بند کر رہے ہیں جو کہ صحیح ہے لیکن ہم جلسے جلوسوں اور ریلیاں نکال رہے ہیں، یہ پالیسی میری سمجھ سے باہر ہے، امید ہے ہمارے وزیر اعلی سندھ اس معاملے پر نوٹس لیں گے۔

ابرار الحق نے کہا کہ ہم اسٹورنگ فیملی لنکس پروگرام کے ذریعے بچھڑے ہوئے لوگوں کو ملواتے ہیں، جو لوگ مجبوری کی وجہ سے قید ہوتے ہیں اور اپنے گھر والوں سے نہیں مل سکتے ہم انہیں ان کے گھر والوں سے ملواتے ہیں، ٹکٹس نہ ہونے کی وجہ سے 25 بنگلا دیشی یہاں قید تھے جنہیں ہم نے ٹکٹس کروائے اور واپس بھیجا ہے، یہ 25 بنگالی آج رات روانہ ہونگے جبکہ انکو ہم ڈھائی سو ڈالرز دے رہے ہیں۔

ابرار الحق نے مزید کہا کہ اسی طرح بے شمار ممالک میں پاکستانی بھائی بھی تھوڑے تھوڑے جرمانے کی وجہ سے قید ہیں، حکومت کے پاس کبھی کبھار اتنے وسائل نہیں ہوتے لیکن ہماری پاکستانی مخیر عوام تھوڑی مدد کرکے انہیں رہا کرواسکتے ہیں، پاکستان کی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ پی آر سی ایس کی مدد کریں۔

کانفرنس کے اختتام پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے باکسر چیمپئن عثمان وزیر اور آصف شاہ کو کامیابی پر ایک ایک لاکھ روپے پرائز منی بطور انعام دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں