کیماڑی میں ایک بار پھر پراسرار زہریلی گیس کا اخراج دو افراد جاں بحق

دو دنوں میں اب تک 22 متاثرہ افراد اسپتال لائے جاچکے ہیں، ترجمان ضیاء الدین اسپتال


Staff Reporter December 23, 2020
فروری 2020ء میں کیماڑی میں پراسرار گیس پھیلنے کے بعد ایک اسپتال میں لوگوں کے جمع ہونے کا منظر (فوٹو : فائل)

کیماڑی میں ایک بار پھر پراسرار زہریلی گیس پھیلنے لگی جس کے سبب دو افراد جاں بحق اور متعدد کی حالت غیر ہوگئی ہے۔

ترجمان ضیاء الدین اسپتال کے مطابق گزشتہ رات کیماڑی کے رہائشی دو افراد انتہائی نازک حالت میں ضیاء الدین اسپتال کیماڑی لائے گئے تھے جنہیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا، ان افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی مگر دورانِ علاج دونوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ان افراد میں تمام وہی علامات پائی گئیں جو فروری کے مہینے میں پراسرار گیس لیکیج کی وجہ سے لوگوں میں پائی گئی تھیں، کل رات جاں بحق ہونے والوں کے علاوہ مزید 11 متاثرہ افراد کو لایا گیا تھا، دو دنوں میں اب تک 22 متاثرہ افراد اسپتال لائے جاچکے ہیں۔

قبل ازیں 18 دسمبر کی شب بھی نو ایسے مریض ضیاء الدین اسپتال کیماڑی کیمپس لائے گئے تھے جنہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اور وہ ہوا میں بو محسوس کررہے تھے، ان تمام افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا۔

کیماڑی میں پراسرار گیس کی بدبو سے علاقہ مکین پریشان ہیں مکینوں کا کہنا ہے جب بھی جہاز لنگر انداز ہوتا ہے اس وقت پراسرار گیس علاقے میں پھیل جاتی ہے جس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے، انتظامیہ کو شکایت کی مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

علاقہ مکینوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فروری 2020ء میں بھی رات کے وقت زہریلی گیس پھیل گئی تھی جس کی وجہ سے اموات ہوئی تھی، اب بھی اس طرح علاقے میں مسلسل پراسرار گیس پھیل رہی ہے ایسا نہ ہو کوئی بڑا واقعہ رونما نہ ہوجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں