نیو کراچی برف خانے میں ہونے والا دھماکا معمہ بن گیا

ملبے سے ایک اورشخص کی لاش نکال لی گئی، ایک زخمی سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا ،جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی

 برف خانے میں بوائلرموجود ہی نہیں تھا،برف خانے میں کمپریسرموجود ہیں وہ درست حال میں ہیں،دھماکہ گیسزکا ہوسکتا ہے،ماہرین ۔ فوٹو : آئی این پی

نیوکراچی صبا سینما کے قریب برف خانے میں ہونے والا دھماکہ معمہ بن گیا جب کہ دھماکے کی وجہ کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسران پرمشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے نیوکراچی صبا سینما کے قریب برف خانے میں زورداردھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں برف خانے کی چھت زمین بوس ہو گئی تھی جبکہ دھماکے کے باعث برف خانے سے متصل 6 سے زائد فیکٹریوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا،دھماکے میں کئی موٹر سائیکلیں ، گاڑیاں اورایک رکشہ تباہ ہوگیاتھا،برف خانے میں دھماکے اور ملبے تلے دب کر 8 افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

برف خانے کا ملبہ ہٹانے کا کام رات گئے تک جاری رہا تھا اوراس کے بعد کام روک دیا گیا تھا،بدھ کی صبح تقریبا10 بجے کے قریب برف خانے کا ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کی مدد سے دوبارہ ریسکیوآپریشن شروع کیا گیا اورریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے ایک اورشخص کی لاش نکال لی گئی، متوفی کی شناخت 30سالہ سلیم ولد واحد بخش کے نام سے کرلی گئی، متوفی برف خانے کا ملازم اور متوفی کا آبائی تعلق جلال پورسے تھا۔

ایس ایچ او انسپکٹر یونس خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص علی الصبح سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج دم توڑگیا ،متوفی کی شناخت محمد یوسف ولد عبدالغفار کے نام سے کرلی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مبشرولد نواز، محسن والد اکرام،فضل کریم ولد وزیرمحمد،نعیم ولد نواز،سنی ولد دلشیر،محمد رمضان ولد نوازاورایک نامعلوم شخص شامل ہیں جس کی تاحال شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے عبدالوحید ولد محمد سعید شاہ کی شناخت سی پی ایل سی کے شناخت پروجیکٹ کے تحت عمل میں آئی متوفی قائد اعظم کالونی ریلوے اسٹیشن بہاولپورکارہائشی تھا۔

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آفٹریڈ اینڈانڈسٹری کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چیف محمد فاروق نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ برف خانے کا مالک ان دنوں بیرون ملک مقیم ہیں اوروہ کوشش کررہے ہیں وہ جلد ازجلد کراچی پہنچیں انھوں نے بتایا کہ برف خانے میں دھماکے کے باعث برف خانے سے متصل 6 فیکٹروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

انھوں نے بتایا کہ برف خانے میں کوئی بوائلرموجود ہی نہیں تھا برف خانے میں کمپریسرموجود ہیں وہ درست حال میں ہیں مگربرف خانے میں بوائلرکا کوئی کام نہیں ہے،انھوں نے بتایا کہ برف خانے میں ایمونیا گیس استعمال کی جاتی تھی اور دھماکے کی وجہ گیس لیکج ہوسکتی ہے۔

میونسپل کمشنر ضلع سینٹرل سمیراحسین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک حادثے کے بعد رات گئے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا تھا اورآج صبح ملبے سے ایک اورلاش نکالی گئی ہے۔


انھوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد پورے علاقے میں ایمونیا گیس پھیلی ہوئی تھی اور یہاں کھڑا ہونا مشکل تھا اس کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری رہاانھوں نے بتایا کہ اب تک برف خانے میں ہونے والیدھماکے کی وجوہات کیا تھا اس کا تعین نہیں ہوسکا ہے،متعلقہ ادارے اپنا کام اورتحقیقات کر رہے ہیں اورجلد معلوم ہوجائے گا کہ دھماکہ کہ وجہ کیا تھا۔

ایس پی نیو کراچی اظہرخان مغل کی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس پی نیو کراچی اظہرخان مغل کی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ فوری طور پردھماکے کا تعین نہیں ہوسکا ہے، برف خانے میں ہونے والا دھماکہ گیسزکا ہوسکتا ہے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تکنیکی ٹیمیں جائے وقوع کا جائزہ لے رہی ہیں،تکنیکی ٹیموں کی رپورٹ کی روشنی میں دھماکے کی وجہ کا تعین ہوگا تکنیکی رپورٹ آنے کے بعد ہی مقدمے کا اندراج بھی کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ متاثرہ برف خانے کے مالک نے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہیملبے تلے کسی شخص کی موجودگی کا امکان رد نہیں کیا جاسکتاغفلت ہوئی ہے تب ہی دھماکا ہوا ہے۔

ادھرپولیس حکام کی جانب سے دھماکے کی وجہ کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے زونل افسران پرمشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسران کی ٹیم کا جائے وقوع کا دورہ کیا اور شواہد کا جائزہ لیا اس دوران بم ڈسپوزل اسکواد کے افسران نے متاثرہ برف خانے کا مکمل ملبہ ہٹانے کا حکم دے دیا۔

بم ڈسپوزل اسکواد کے افسران کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹنے کے بعد اصل شواہد سامنے آئیں گے دھماکے کی جگہ پہنچ کرشواہد اکٹھا کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ جائے وقوع کی مٹی کے نمونے بھی لیے جائیں گے اور تمام نمونے جانچ کے لیے جامعہ کراچی کی لیبارٹری بھیجے جائیں گے لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں دھماکے کی وجہ کا تعین کیا جائے گا۔

صوبائی وزیربرائے صنعت و تجارت اورانسداد بدعنوانی ومحکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جانی نقصان پربہت افسوس کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ دھماکے کی حتمی رپورٹ آئے گی تولائحہ عمل طے کریں گے۔

جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینگے ، جام اکرام اللہ

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نیو کراچی صباسینما فیکٹری کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دے گی جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو بھرپور طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی ضرورت کے مطابق مالی مدد کی جائے گی۔ یہ بات آج انھوں نے نیو کراچی فیکٹری کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل راجہ ایم بی دھاریجو، ایم ڈی سائٹ پرویز بلو، چیف بوائلر انور خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، انھوں نے مزید کہا کہ ابھی تک حادثے کی اصل وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کو اس واقعے پر شدید دکھ پہنچا ہے اور انھوں نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ غم زدہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
Load Next Story