وزیراعظم سے اعظم سواتی کی ملاقات افغانستان تاجکستان اور ازبکستان تک کارگو ٹرین چلانے پر غور

ٹرین سروس افغانستان، تاجکستان ،ازبکستان کے درمیان چلائی جائے گی، وزیر ریلوے


APP/Numaindgan Express December 24, 2020
افغانستان، ازبکستان نے ایم ایل ون منصوبے پر دستخط کردیے،سواتی (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم عمران خان سے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ملاقات کی جس میں کارگو ٹرین سروس افغانستان، تاجکستان اور ازبکستان کے درمیان چلانے پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔ وزیر ریلوے سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی ملاقات کی جس میں ایم ایل ون منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون ان کے نزدیک ملک کا اہم تر ین منصوبہ ہے۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کا مستقبل ایم ایل ون منصوبے سے جڑا ہوا ہے، افغانستان اور ازبکستان کے صدور نے ایم ایل ون منصوبے پر دستحط کردئیے ہیں۔

انہوں ںے بتایا کہ دسمبر کے آخر میں وزیر اعظم عمران خان منصوبے کی دستاویزات پر دستخط کریں گے، منصوبے کے تمام بنیادی معاملات پر بات چیت مکمل ہوچکی، چین سے منصوبے کی سیکیورٹی پر ہونے والی بات چیت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے 45 سال سے خسارے میں چل رہا ہے، کوشش کررہے ہیں کہ اس ادارے کو دوبارہ سے پاؤں پر کھڑا کیا جائے، ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے تین فیز ہیں، چین سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی بات چیت چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے پاکستان کی اقتصادی حیثیت میں بہتری آئے گی، ریل کے ذریعے پاکستان کو افغانستان، ازبکستان کے ساتھ جوڑیں گے، ریلوے کی ایک ایک انچ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں گے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر نے کرسمس تقریب میں کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں پر مبارک باد بھی پیش کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں