لاہور سے اغوا 12سالہ بچی لائنز ایریا سے بازیاب

ملزم اور ملزمہ گرفتار، پولیس نے ملزم کا3روز کا سفری ریمانڈ لے لیا


Staff Reporter December 29, 2013
لاہورسے اغوا کر کے لائی جانیوالی مغویہ بازیابی کے بعد بریگیڈ پولیس اسٹیشن میں صحافیوں سے گفتگو کررہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

پولیس نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے از خود نوٹس پر 17ماہ قبل اغوا کی جانیوالی 12سالہ بچی کو کراچی کے علاقے لائنز ایریا سے بازیاب کر کے ملزم اور خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا اور پولیس نے ملزم کا 3 روز کا سفری ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ڈیڑھ برس قبل اغوا کی جانیوالی 12 سالہ مغویہ (ث) کے اغوا اور عدم بازیابی پر از خود نوٹس لیا تھا، آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے مغویہ کی بازیابی کا حکم دیا تھا، پنجاب پولیس اور کراچی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لائنز ایریا کے ایک مکان سے ملزم شاہد مختار اور نرگس عرف صائمہ آنٹی کو گرفتار کرکے مغویہ (ث) کو بازیاب کرلیا، ہفتے کو لاہور پولیس نے ملزمان کا سفری ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 میں پیش کیا تھا۔



اس موقع پر مغویہ نے عدالت میں روتے ہوئے بیان میں بتایا کہ اسے مختلف جگہوں میں رکھا گیا تشدد بھی کیا جاتا تھا،اس سے زبردستی مکروہ دھندہ بھی کراتے تھے ، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ شفیق آباد لاہور میں 16جولائی2012 کو اغوا برائے تاوان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزمان نے ان کے اہل خانہ سے 5لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا تھا، ملزمان کو لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کرنا ہے اور تین روز کا سفری ریمانڈ کی استدعا کی تھی، فاضل عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے تین روز کا سفری ریمانڈ منظور کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں