پھیلتے سکڑتے مسکن

قدرتی آفات کے متاثرین کو عارضی سکونت فراہم کرنے کے لیے تخلیق کردہ لچک دار خیمہ۔

قدرتی آفات کسی بھی ٹائم ٹیبل یا پیشگی اطلاع کے بغیر تباہی پھیلاتی ہیں اور جانی و مالی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ فوٹو: فائل

قدرتی آفات کسی بھی ٹائم ٹیبل یا پیشگی اطلاع کے بغیر تباہی پھیلاتی ہیں اور جانی و مالی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

تاہم، جب یہ تباہی تھم جاتی ہے، تو متاثرہ افراد کی بحالی ایک اہم کام ہوتا ہے، جس میں فی الفور خوراک اور رہائش کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔ اس صورت حال میں فوری رہائش کے لیے چین سے تعلق رکھنے والے تین تخلیق کاروں ''ای آہویو، زینگ ہااو اور خاتون ڈیزائنرشین یاکنگ'' نے ایک ایسا خیمہ ڈیزائن کیا ہے، جسے کھینچ کر لمبا کیا جاسکتا ہے۔


موسیقی کے ساز ''اکارڈین'' کی مانند پھیلنے اور سکڑنے کی سہولت سے آراستہ اس خیمے کو ایلومونیم کے ڈھانچے سے بنایا گیا ہے اور اس ڈھانچے میں پانچ سے چھے خیموں کو ایک ساتھ جوڑ دیا گیا ہے اور ہر خیمے یا کمرے کے درمیان ضرب کے نشان یا قینچی جیسی دو راڈیں لگا کر انہیں سمیٹنے یا پھیلانے کی سہولت پیدا کی گئی ہے۔

خیموں کواستعمال کرنے سے پہلے سمیٹ کر ایک بکس کی شکل میں رکھا جاتا ہے اور استعمال کرنے کے لیے کھینچ کر ان خیموں کو پھیلا کر رسیوں سے روک دیا جاتا ہے۔ بالکل اس طرح جیسے اسپرنگ کو کھینچ کر لمبا کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ انتہائی پائے دار واٹر پروف میٹریل سے تیار کردہ یہ عارضی لچک دار خیمے ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر سے بلندی سے نیچے گرائے جانے کے باوجود نقصان سے محفوظ رہتے ہیں اور سرد ہوائوں یا موسم کا مقابلہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں انتہائی آسان اور ہلکے وزن کے باعث ان خیموں کو بہ آسانی عارضی رہائش، اسکول، اسپتال اور کسی تنظیم یا ادارے کے ہیڈکوارٹر کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story