کراچی میں سردی کا برسوں پرانا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

کراچی میں سردی کی لہر جمعے تک برقرار رہے گی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک December 27, 2020
سردی کی موجودہ لہر جمعے کے روز تک برقرار رہے گی، فوٹو : فائل

کراچی میں کوئٹہ کی سرد ہواوں نے شہر کا رخ کرلیا ہے جس کے باعث اس ماہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی شمالی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جب کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے باعث کراچی میں پیر کے روز پارہ مزید گرنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ کراچی میں پیر کے روز ہواؤں کی رفتار بڑھنے اور سردی میں اضافے، مطلع سرد و خشک رہنے اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے10 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ سردی کی نئی لہر جمعے تک برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جب کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 ڈگری کمی کے بعد 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 28 اور شام کو 6 فیصد ریکارڈ ہوا جب کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی امکان ظاہر کیا ہے کہ سردی کی موجودہ لہر رواں ہفتے جمعے کے روز تک برقراررہ سکتی ہے اور اس کے دوران ہی دسمبر کے مہینے میں کم سے کم درجہ حرارت کا سابقہ چند سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں