شبلی فراز مریم اور بلاول کے بجائے گیس بجلی مہنگی ہونے کی فکر کریں مریم اورنگزیب

شبلی فراز بیان دیتے ہوئے یہ تو سوچ لیا کریں کہ آپ کے نام کے ساتھ عظیم انسان احمد فراز کا نام جڑا ہوا ہے؟ ترجمان ن لیگ


Staff Reporter December 28, 2020
شبلی فراز بیان دیتے ہوئے یہ تو سوچ لیا کریں کہ آپ کے نام کے ساتھ عظیم انسان احمد فراز کا نام جڑا ہوا ہے؟ ترجمان ن لیگ (فوٹو : فائل)

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎موجودہ حکومت کے پاس عوام کو بے روزگاری، مہنگائی اور اندھیرے دینے کے سوا کچھ نہیں، ‎ملک میں آٹا، چینی، ایل این جی چوری کا جب بھی نام آئے گا تو عمران خان کا نام آئے گا۔

یہ پڑھیں : سڑکوں پر گھسیٹنے کا اعلان کرنے والے آج ایک دوسرے کے مہمان بن گئے، شبلی فراز


وزیر اطلاعات شبلی فراز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شبلی فراز صاحب نواز شریف کا نام پاکستان کی ترقی، دفاع اور سلامتی کی بنیادوں میں شامل ہے، ‎احمد فراز صاحب کی روح یقیناً آج تکلیف محسوس کرتی ہوگی کہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بدترین مخالف کا ترجمان خود ان کا بیٹا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎ملک میں جب بھی ووٹ چوری، غیرملکی فارن فنڈنگ کا نام آئے گا تو عمران خان کا نام آئے گا، ‎جب بھی 23 فارن فنڈنگ اکاؤنٹس، یوٹرن، تاریخی کرپشن کا نام آئے گا تو عمران خان کا نام آئے گا، ‎عمران صاحب تابعدار اور تھانیدار ذہنیت کے مالک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ عمران خان کا نام آئے گا تو کیا یاد آئے گا؟ ‎عمران صاحب کے نام کے ساتھ ہی ووٹ، بجلی، گیس، آٹا، دوائی چوری، جھوٹ، کرپشن، دھوکا بازی، فریب، حسد، تکبر یاد آئے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎شبلی فراز صاحب ہم عوام کے حقوق، ان کے روزگار، آزادی اظہار واپس لے کر رہیں گے، ‎عوام کو مافیاز کی لوٹ مار، گیس آٹا بجلی چوری، آزادی اظہار رائے کے دشمنوں سے نجات دلا کر دم لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‎شبلی فراز صاحب بیان جاری کرتے ہوئے کم از کم یہ تو سوچ لیا کریں کہ آپ کے نام کے ساتھ کس عظیم انسان کا نام جڑا ہوا ہے؟ آپ مریم نواز کی بلاول بھٹو کے گھر آمد کی فکر نہ کریں، بجلی اور مہنگی ہونے والی ہے اس کی فکر کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔