پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ عوام مہنگائی، ظلم اور ناانصافی کی آگ میں جھلس رہے ہیں، حکمران عوام کو حقوق دے دیں ورنہ عوام اقتدار واپس لے لیں گے۔
لاہور میں مہنگائی کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمران ملک کو تباہ کرنے والوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے پالیسیاں بنانے میں مصروف ہیں، گزشتہ 5 سال ملک میں ڈاکہ ڈالا گیا اب بھی وہی ہورہا ہے،وزیراعظم کی قائم کردہ بزنس ایڈوائزری کونسل میں تمام چھوٹے صنعتکاروں اور تاجروں کو نظرانداز کردیا گیا، سرمایہ کاری پیکج سے چھوٹے سرمایہ کاروں کے بجائے بڑے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اورعوام کواعتماد میں لیے بغیرکالا دھن سفید کی پالیسی کا اعلان کیا گیا، سیاست اور تجارت یکجہ ہوچکی ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا جبکہ سہولیات اورمراعات صرف مخصوص طبقےتک محدود کردی گئی ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ الیکشن کمیشن واضح کر چکا ہے کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے 50 فیصد ارکان ٹیکس چور ہیں، ایسے لوگوں کو پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، یہی لوگ عوام کو سہولتیں دینے کے بجائے صرف ان لوگوں کو طاقت ور کر رہے ہیں جو 65 سال سے ملک کو تباہ کرنے میں لگے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے، ملٹری ڈکٹیٹر شپ بھی عوامی مسائل کا حل نہیں، پرامن انقلاب کی منزل کی جانب گامزن ہونے کا وقت آگیا ہے اگر حکمرانوں نے عوام کے حقوق نہ دیئے تو اقتدار واپس بھی لے سکتے ہیں۔
دوسری جانب صبح سے ہی پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کے لئے مال روڈ پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے، مال روڈ پر احتجاج کرنے کے الزام میں پولیس نے کارکنان کے خلاف نیو انار کلی اور سول لائن تھانے میں مقدمات درج کر لئے ہیں۔