کورونا کی نئی قسم بھی بھارت پہنچ گئی 6 افراد میں تصدیق

یہ افراد برطانیہ کے لیے پروازوں کی معطلی سے قبل بھارت پہنچے تھے

یہ افراد حال ہی میں برطانیہ سے بھارت پہنچے تھے، فوٹو : فائل

LONDON:
برطانیہ اور جنوبی افریقہ کے بعد بھارت میں بھی کورونا کی نئی قسم نے ڈیرے ڈال دیئے، ابتدائی طور پر 6 افراد میں تصدیق ہوئی ہے اور یہ تمام افراد حال ہی میں برطانیہ سے وطن واپس لوٹے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل لندن سے اپنے ملک پہنچنے والے 6 افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ان سب کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے اہل خانہ اور ان سے ملاقات کرنے والے دوستوں کو بھی قرنطینہ کیا گیا ہے جب کہ ان 6 افراد کے ساتھ اندرون ملک سفر کرنے والوں کو بھی ٹریس کیا جا رہا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : برطانیہ اور جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت


وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کے بعد بھارت نے برطانیہ سے پروازوں کو معطل کردیا تھا تاہم پابندی سے قبل ہی برطانیہ سے 33 ہزار مسافر بھارت پہنچ چکے تھے۔

برطانیہ سے بھارت پہنچنے والے تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 114 میں کورونا مثبت آیا۔ مثبت آنے والے افراد کے نمونوں کا مزید معائنہ کیا گیا تو 6 میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق ہوئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا وائرس کی نئی قسم کی ویکسین 6 ہفتے میں بناسکتے ہیں، بائیوٹیک

واضح رہے کہ امریکا کے بعد بھارت کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑ ملک ہے جہاں اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار ہوگئی ہے۔
Load Next Story