کورونا وائرس کی نئی قسم پاکستان پہنچ گئی کراچی میں کیسز رپورٹ

3 مسافروں میں برطانیہ کے نئے وائرس کی تشخیص 95 فیصد ہوئی ہے، محکمہ صحت سندھ


ویب ڈیسک December 29, 2020
3 مسافروں میں برطانیہ کے نئے وائرس کی تشخیص 95 فیصد ہوئی ہے، محکمہ صحت سندھ

برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم ممکنہ طور پر سندھ میں بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق برطانیہ سے پاکستان آنے والے 12 مسافروں کے 12 سیپملز وصول کرلیے ہیں جن میں سے 6 سیمپلز میں کورونا مثبت آیا ہے اور 3 افراد میں ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ جینوٹائپنگ کی پہلے مرحلے میں یہ وائرس برطانیہ کے نئے کورونا وائرس سے مماثلت رکھتا ہے ، ان سیمپلز کو ٹیسٹنگ کے دوسرے مرحلے سے گزارا جائے گا اور یو کے سے واپس آنے والے مسافروں کے رشتہ داروں ودیگر کے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے جب کہ متاثرہ افراد کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے،

محکمہ سندھ نے مزید کہا کہ 3 مسافروں میں برطانیہ کے نئے وائرس کی تشخیص 95 فیصد ہوئی ہے تاہم ان کو ایک بار پھر ٹیسٹنگ کے عمل سے گزارا جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ اب تک مجموعی طور پر 9 ہزار سے زائد افراد اس جان لیوا وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں