کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس میں نامزد سہولت کار عدم ثبوت کی بنا پر بری

فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزمان پر کالعدم تحریک طالبان کی سہولت کاری کا جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا


کورٹ رپورٹر December 29, 2020
عدالت نے کالعدم تحریک طالبان کے ملا فضل اللہ، ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت 8 مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیے(فوٹو، فائل)

عدالت نے 6 سال بعد ایئرپورٹ حملہ کیس میں دہشت گردوں کی سہولت کاری کے ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیاگیا۔

جاری کردہ فیصلے کے مطابق استغاثہ ملزمان پر کالعدم تحریک طالبان کی سہولت کاری کا جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مقدمے میں نامزد سرمد صدیقی سمیت 4 ملزمان کو بری کردیا۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے ایئر پورٹ حملہ کیس کا فیصلہ سنایا۔ جس کے مطابق استغاثہ ملزمان پر کالعدم تحریک طالبان کے سہولت کاری کا جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے مقدمہ میں نامزد اے پی ایم ایل سندھ کے کنوینئر سرمد صدیقی سمیت 4 ملزمان کو بری کردیا۔

بری ہونے والے دیگر ملزمان میں ندیم عرف برگر،آصف ظہیر اور عبدالراشد شامل ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کسی اور مقدمہ میں نامزد نہیں ہیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

عدالت نے کالعدم تحریک طالبان کے ملا فضل اللہ، ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت 8 مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ پولیس کے مطابق 8 جون 2014کو ایئر پورٹ پر 10دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں سیکیورٹی اہلکار اور ائیر پورٹ ملازمین سمیت 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ مقابلے میں 10 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد سرمد صدیقی و دیگر کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان پر دہشت گردوں کو لاجسٹک، اسلحہ اور فنڈ فراہم کرنے اور ان کی معاونت و سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |