یمن ایئرپورٹ پر وزیراعظم کے طیارے پر حملہ 22 افراد جاں بحق

نو تشکیل شدہ یمنی حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان سعودی عرب سے ایئرپورٹ پہنچے تھے

سعودی عرب سے پہنچنے والے طیارے کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: رائٹرز

یمن کے بین الااقوامی ایئرپورٹ پر نو تشکیل شدہ حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کے طیارے پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں خی تعداد 22 تک جاپہنچی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے عدن ایئرپورٹ کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب سعودی عرب سے ایک طیارہ نئی تشکیل پانے والی یمنی حکومت کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو لیکر ہوائی اڈے پہنچا تھا۔


جیسے ہی نوتشکیل شدہ یمنی حکومت کے ارکان طیارے سے باہر نکلے، یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ ایئرپورٹ پر بھگدڑ مچ گئی اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔

حکومت کی ٹوئٹر پر جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 50 سے زائد افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ابتدائی طور پر 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی اور بعدازاں 17 مزید ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی۔ سیکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 18 دسمبر کو عالمی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت اور جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں نے مل کر ایک اتحادی حکومت قائم کی تھی جب کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
Load Next Story