شرجیل کا آبائی شہر حیدرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال

اگر سلیکٹرز نے ورلڈ ٹی 20 میں موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، نوجوان بیٹسمین

حیدرآباد: قومی کرکٹر شرجیل خان کا اپنی رہائشگاہ پہنچنے پر ان کے ننھے پرستار ان سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

MOSCOW:
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے قومی کرکٹر شرجیل خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے شروع کے میچز میں پرفارمنس اچھی رہی لیکن آخری میچز میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کی وجہ سے ہمت نہیں ہاری ہے۔

متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ سیریز کھیل کر وطن واپس آنے والے قومی کرکٹر شرجیل خان نے اپنے آبائی شہر حیدرآباد پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے سری لنکا کے خلاف سیریز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں سیریز کے شروع کے میچز میں اچھی پرفارمنس رہی آخری میچز میں کارکردگی کی وجہ سے ہمت نہیں ہاری ہے سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ موقع ملنے پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، پروٹیز کے بعد سری لنکا کو سیریز میں شکست دینا خوش آئند ہے، سیریز میں فتح سے ٹیم کا مورال کافی بلند ہوا ہے اور کھلاڑی ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔




ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، شاہد آفریدی سمیت تمام سینئر کھلاڑیوں نے نہ صرف اچھا سپورٹ کیا بلکہ مفید مشورے بھی دیئے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے لیکن اس کا فیصلہ سلیکٹرز کریں گے اگر انھوں نے ان پر اعتماد کیا تو وہ انشاء اﷲ ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ قبل ازیں قومی کرکٹر شرجیل خان کا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حیدرآباد اپنی رہائشگاہ پہنچنے پر لطیف آباد نمبر پانچ میں اہل محلہ اور شہریوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ شرجیل خان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر منچلے نوجوانوں نے رقص بھی کیا۔ واضح رہے کہ اس موقع پر نہ تو حیدرآباد ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا اور نہ ہی حیدرآباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا کوئی عہدیدار موجود تھا۔
Load Next Story