چین نے افغانستان میں امریکی افواج پر حملوں کی سازش کی امریکی عہدیدار

چین نے امریکی افواج پر حملے کے لیے افغانستان میں مسلح گروہوں کو پیسوں کی پیشکش کی تھی، سینیئر امریکی عہدیدار


ویب ڈیسک December 31, 2020
چین نے امریکی عہدیدار کے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ فوٹو : فائل

سینیئر امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین نے افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کے لیے مسلح گروہوں کو پیسوں کی پیشکش کی تھی۔

سینیئر امریکی عہدیدار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے اوائل میں صدر ٹرمپ کو چین کی جانب سے افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کے لیے غیر ریاستی عناصر کو مالی معاونت کی پیشکش سے متعلق غیر مصدقہ معلومات دی گئی تھیں، صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر روبرٹ اوبرائن نے 17 دسمبر کو صدر ٹرمپ سے اس سے متعلق بات بھی کی تھی۔

افغانستان میں امریکی افواج پر حملے کے لیے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی پیشکش سے متعلق خبر سب سے پہلے ایک امریکی ویب سائٹ نے نشر کی تھی جس کے مطابق امریکی حکام انٹیلیجنس رپورٹ کی مختلف ذرائع سے تصدیق کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب ہفتہ وار بریفنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزامات کو من گھڑت، جھوٹ اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ جنگ کے بجائے امن کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے جب کہ چین نے افغانستان کے داخلی معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی بلکہ افغانستان میں امن عمل کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جون میں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ روسی انٹیلیجنس آفیسر نے افغانستان امریکی اور برطانوی افواج کے قتل کے لیے انتہاپسندوں کے گروپس کو انعام کے طور پر پیسوں کو پیشکش کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں