کراچی میں فائرنگ ایک ہی گھر کے 4 افراد اور 3 مذہبی کارکنوں سمیت 13 قتل

گینگ وار کے کارندوں نے میاں بیوی اور2بچوں کو قتل کردیا،ڈالمیا روڈ کے قریب مجلس وحدت مسلمین کے کارکن نشانہ بنے


Staff Reporter December 30, 2013
ماڑی پور میں گینگ وار کے کارندوں نے میاں بیوی اور2بچوں کو قتل کردیا،ڈالمیا روڈ کے قریب مجلس وحدت مسلمین کے کارکن نشانہ بنے۔ فوٹو: فائل

شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوگیا ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد، 3مذہبی کارکنوں اور پولیس اہلکار سمیت 12 افراد کی زندگیاں نگل گیا۔

ماڑی پور میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، ڈی ایس پی کیماڑی سہیل افضل نے ایکسپریس کو بتایا کہ ماڑی پور میں یونین کونسل گاگو پٹ کے دفتر کے قریب گھر کے احاطے سے 40 سالہ شازیہ، اس کے شوہر 45 سالہ مظفر، اس کے بیٹے 22 سالہ عمران اور 10 سالہ سمیر کی لاشیں ملیں جنھیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جبکہ مظفر کی ایک بیٹی 15 سالہ منیزہ زخمی ہے ، مقتول مظفر علاقے میں پان کا کیبن لگاتا تھا، پولیس نے جائے وقوعہ سے کئی اہم شواہد اکٹھے کیے ہیں اور جلد ہی ملزمان قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعہ گینگ وار کے کارندوں کی کارروائی ہے۔

گلشن اقبال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 50 سالہ سعید جاں بحق ہوگیا، مقتول گلشن اقبال تھانے میں تعینات تھا اور وقوعہ کے وقت وہ تھانے سے نکل کر رکن صوبائی اسمبلی عادل صدیقی کے بنگلے پر گارڈ ڈیوٹی کے لیے جارہا تھا، ملزمان سعید کی سرکاری ایس ایم جی بھی اپنے ہمراہ لے گئے، مقتول فیڈرل بی ایریا بلاک 15 جوہرآباد کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ضلع ہری پور ہزارہ سے تھا، پولیس کے مطابق ورثا میت لے کر تدفین کی غرض سے آبائی علاقے روانہ ہوگئے۔ عزیز بھٹی کے علاقے ڈالمیاکالونی اسٹیڈیم روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے یلو کیب ٹیکسی نمبر PH-0738 پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں یلو کیب میں سوارمجلس وحدت المسلمین گلشن اقبال مغل ہزاہ گوٹھ کے رہنما 45 سالہ علیم عرف عالم، کارکن23سالہ صفدر عباس اور40 سالہ سید علی شاہ جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون راہ گیر سکینہ بی بی زخمی ہوگئی، پولیس نے زخمیوں کو لیاقت نیشنل،آغاخان اور جناح اسپتال منتقل کیا، عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او غلام پیرزادہ نے بتایا کہ مقتولین حسن اسکوائر پر قائم الیکشن کمیشن آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے بعد واپس جارہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزما ن نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مقتولین گلشن اقبال مغل ہزارہ گوٹھ اور گلستا ن جوہر بلاک4/Aکے رہائشی تھے،مجلس وحدت المسلین کے ترجمان احمر نے بتایاکہ جو لوگ چاہتے ہیں کہ ہمارے رہنمائوبلدیاتی الیکشن میں حصہ نہیں لیں وہی ان کے قتل میں ملوث ہیں، اس حوالے سے مغل ہزارہ گوٹھ کے رہنما علیم عرف عالم کو کافی روز سے قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں۔ابراہیم حیدری کے علاقے جمعہ گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 16 سالہ سیف اللہ عرف منا ولد قاسم ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او ابراہیم حیدری امان اللہ مروت نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول ماہی گیر اور علاقے کا ہی رہائشی تھا ، ملزمان نے سیف اللہ کو سر پر گولی مار کر ہلاک کیا اور لاش جمعہ گوٹھ میں پھینک کر فرار ہوگئے ، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ سندھی مسلم سوسائٹی میں قائم ریستوران پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریستوران کا منیجر 35 سالہ وقار ہلاک جبکہ 18 سالہ وکرم نارائن اور 25 سالہ نسیم یونس زخمی ہوگئے، فیروزآباد کے اے ایس پی اختر فاروق نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے، مذکورہ ریستوارن کے مالک کو چند روز قبل بھتے کے سلسلے میں نامعلوم افراد کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی تھی، واقعے کے بعد ریستوران کے مالک نے جن ٹیلی فون نمبروں سے بھتے کی کالز موصول ہوئی تھیں پولیس کے حوالے کیے۔



منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ روڈ پر گرائونڈ سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او غلام حسین کورائی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، ملزمان نے مقتول کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گلشن اقبال کے علاقے موچی موڑ پر35سالہ خرم مجید، سعیدآباد نمبر9میں شمیمہ بی بی،حیدری کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ فلورنس شادی گارڈن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے70سالہ کرم علی اور40سالہ فاروق، بوٹ بیسن کے علاقے بلاول ہائوس کے قریب25 سالہ اسماعیل، شرافی گوٹھ میں35سالہ نامعلوم شخص شدید زخمی ہوا جس کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی سیکٹر ساڑھے 11 رئیس امروہی کالونی میں فائرنگ سے21سالہ سکندر ولد سلیم ہلاک ہوگیا۔

کلا کوٹ تھانے کی حدود نور محمد ولیج کھڈوی لائن کے رہائشی20 سالہ عارف ولد یوسف بلوچ کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے باہر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ، مقتول کے سر پر گولی ماری گئی تھی ، مقتول کی لاش ورثا سول اسپتال میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے بعد پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے ذرائع کے مطابق مقتول نور محمد عرف بابا لاڈلا کے ساتھی اشرف کا خالہ زاد بھائی تھا ۔ بغدادی کے علاقے کمیلہ اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے20کاشف ولد الیاس کو زخمی کردیا۔ اس ہی دوران چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر18 ، سنگو لائن اور کلا کوٹ کے علاقے افشانی گلی میں گینگ وار اور کالعدم امن کمیٹی کے کارندوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ ، آوان گولوں اور دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں5سے زائد کارندے زخمی ہوگئے۔کلا کوٹ میں فائرنگ سے10سالہ بچی اور شعیب ،اتحاد ٹاؤنعابدہ آباد میں پولیس کانسٹیبل35سالہ گل حسن ولد گلاب خان زخمی ہو گیا۔

رینجرز نے کلا کوٹ سنگو لائن میں کارروائی کرتے ہوئے5افراد کو حراست میں لیا جس میں سے2کو ابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا جبکہ3کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔چیل چوک کے قریب بھی رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2نوجوانوں کو حراست میں لیا اور ایک کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا جبکہ حراست میں لیے جانے والے15سالہ محمد سہیل بلوچ ولد محمد عظیم بلوچ کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |