سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل 2020 ء ۔ جولائی اگست ستمبر

بھارت سمیت سبھی مغربی ممالک کے سرکاری و نجی بینک اس غیراخلاقی اور غیرقانونی دھندے میں ملوث ہیں۔

بھارت سمیت سبھی مغربی ممالک کے سرکاری و نجی بینک اس غیراخلاقی اور غیرقانونی دھندے میں ملوث ہیں۔ فوٹو : فائل

جولائی:بھارتی فوج کی درندگی

مقبوضہ کشمیر کے شہر سوپور میں پینسٹھ سالہ بشیر احمد خان آباد تھے۔ وہ ٹھیکے دار تھے۔1 جولائی کو وہ اپنے تین سالہ نواسے، عیاد کو لیے ایک زیرتعمیر منصوبے کی جانچ پڑتال کرنے روانہ ہوئے۔ راستے میں بھارتی فوج نے انھیں ''دہشت گرد'' قرار دیتے ہوئے گولیاں مار کر شہد کردیا۔ ان کا معصوم نواسہ شہید کی لاش پر بیٹھ کر روتے ہوئے ماتم کرتا رہ گیا۔ کسی فوٹوگرافر نے اس کی تصویر اتار لی۔ بے بسی سے بیٹھے معصوم بچے کی تصویر نے سبھی دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔ یہ تاریخی فوٹو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیوریٹی فورسز کے ظلم وستم کی دنیا بھر میں علامت بن چکی ہے۔

احتساب عدالت کا جج برطرف

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اسلام آباد احتساب عدالت کے جج، ارشد ملک 3 جولائی کو برطرف کر دیے گئے۔ ان پر الزام تھا کہ وہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے نمائندوں سے چوری چھپے ملاقاتیں کرتے رہے اور ان کے بعض مطالبے تسلیم بھی کرلیے۔ مبینہ طور پر یہ نمائندے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونا چاہتے تھے۔ الزام ثابت ہونے پر ارشد ملک کو ہٹا دیا گیا۔

حکومتی پالیسی کامیاب رہی

4جولائی: وزیراعظم پاکستان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کے سو دن پورے ہونے پر مرکز کا دورہ کیا۔ یہ ادارہ کووڈ 19وبا نمودار ہونے پر قائم کیا گیا تھا، تاکہ وبا کا بھرپور مقابلہ ہو سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قوم کو بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈائون بروقت لگا نے سے وبا پاکستان میں زیادہ پھیلنے نہیں پائی۔ یاد رہے کہ وبا کا مؤثر مقابلہ کرنے کی وجہ سے پاکستانی حکومت کی حکمت عملی اور کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

شالیمار ریل کی بندش

محکمۂ ریلوے نے 5 جولائی کو اعلان کیا کہ 15جولائی سے مشہور زمانہ ٹرین، شالیمار بند کردی جائے گی۔ یہ ریل ایک دن میں لاہور تا کراچی سفر کرتی ہے۔ اس اعلان پر عوام نے محکمہ ریلوے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان سے آمدورفت کا سہل و سستا ذریعہ کیوں چھینا جا رہا ہے؟ سخت عوامی تنقید کی وجہ سے لیجنڈری شالیمار ریل بند کرنے کا منصوبہ زیر التوا رکھ دیا گیا۔ محکمۂ ریلوے اب اسے نجی شعبے کے سپرد کرنا چاہتا ہے۔

ایران عالمی عدالت انصاف میں

دنیا کی اکلوتی سپرپاور، امریکا ایران پر وقتاً فوقتاً معاشی پابندیاں لگاتا رہتا ہے، کیوںکہ ایرانی قیادت ایٹمی منصوبہ ختم کرنے کو تیار نہیں۔ وہ اسے اپنے دفاع کے لیے ناگزیر سمجھتی ہے۔5 جولائی کو ان ناروا پابندیوں کے خلاف ایران نے عالمی عدالت انصاف میں امریکا کے خلاف مقدمہ دائر کردیا، مگر ایرانیوں کو اس عدالت سے انصاف ملنے کی امید کم ہی ہے۔ وجہ یہ کہ عدالت کے سبھی ججوں کا بیشتر ''خرچہ پانی'' امریکا بہادر ہی برداشت کرتا ہے، لہٰذا وہ کیوں مائی باپ کے خلاف فیصلہ دیں گے؟

کویت سے بھارتی بے دخل

تیل کی دولت سے مالامال عرب ملک، کویت کی آبادی 48 لاکھ ہے۔ اس میں سے34لاکھ غیرملکی کارکن ہیں۔6 جولائی کو کویتی پارلیمنٹ نے مملکت سے غیرملکیوں کی تعداد کم کرنے کا قانون منظور کرلیا۔ اس قانون کی زد میں سب سے زیادہ بھارتی باشندے آئیں گے جو لاکھوں کی تعداد میں کویت میں آباد ہیں۔ نئے قانون کی رو سے بھارتی شہری اب کُل آبادی کا زیادہ سے زیادہ پندرہ فی صد ہوں گے۔ گویا بقیہ لاکھوں بھارتیوں کو واپس گھر جانا ہو گا۔

نئے بجلی گھر کی تعمیر

چین کے گیزوبا گروپ اور حکومت پاکستان کے مابین 6 جولائی کو دریائے جہلم پر پیر کے مقام پر نیا بجلی گھر بنانے کا معاہدہ ہوگیا۔ اس منصوبے پر ڈیرھ ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔2026 میں بجلی گھر بن جانے سے پاکستان کو سات سو میگا واٹ بجلی میسر آئی گی۔ نیز تین ہزار پاکستانی ملازمتیں بھی پائیں گے۔

پی آئی اے کے پائلٹ برخاست

7جولائی کو قومی ایئر لائن، پی آئی اے نے مشکوک اور مشتبہ لائسنس رکھنے والے اٹھائیس پائلٹ برخاست کردیے۔ یہ لائسنس انھیں 2010ء تا 2018ء کے دوران جاری ہوئے تھے جب ملک میں پی پی پی اور ن لیگ کی حکومت تھی۔ مزید پائلٹوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم بعد ازاں چھبیس پائلٹوں کے لائسنس سی اے اے نے بحال کردیے۔

ہائوسنگ سیکٹر کے لیے مراعات

حکومت پاکستان نے 10جولائی کو ملکی ہائوسنگ سیکٹر کی بڑھوتری وترقی کے لیے مراعات وسہولیات دینے کا اعلان کیا۔ اس ضمن میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروجیکٹ کے پہلے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر میں تیس ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ گھر کی تعمیر پر ٹیکس کم کردیے گئے۔ نیز گھروں کی خریداری پر ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے۔ یہ مراعات 31دسمبر تک کے لیے تھی۔

مودی سرکار کی سازش

10جولائی کو خبر ملی کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں بتیس سو سے زائد غیرمقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر دیے ہیں۔ یہ غیرمقامی اب وادی کشمیر میں زمین خریدنے اور ملازمت کرنے کے اہل ہو چکے۔ مودی سرکار غیرمقامیوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دینے کی چال سے وادی میں مسلمانوں کی شرح آبادی کم سے کم کرنا چاہتی ہے۔ مقصد یہ ہے کہ وہاں زیادہ تعداد میں ہندو بسا کر بھارت کا قبضہ مستقل کر دیا جائے۔ یہ طریق واردات بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، مگر عالمی طاقتیں بھارتی غنڈا گردی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

آیا صوفیہ پھر مسجد میں تبدیل

ترکی کے پہلے جدید حکم راں، کمال اتا ترک نے 1934ء میں استبنول کی تاریخی مسجد، آیا صوفیہ کو عجائب گھر بنا دیا تھا۔ یوں وہ مغربی طاقتوں کی خوش نودی چاہتے تھے۔ 10جولائی کو یہ خوش خبری ملی کہ ترکی کی آئینی عدالت نے اتاترک کا اقدام غیرقانونی دے ڈالا۔ چناں چہ عدالت نے فیصلہ سنایا کہ آیا صوفیہ کو دوبارہ مسجد کی صورت دے دی جائے۔ اس فیصلے سے ترکی سمیت سبھی اسلامی ممالک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

پاکستانی آبادی میں اضافہ

11جولائی کو عالمی یوم آبادی منایا گیا۔ اس موقع پر یہ انکشاف سامنے آیا کہ پچھلے ستر برس میں پاکستان کی آبادی چھ گنا زیادہ بڑھ چکی۔ 1950ء میں پاکستانی آبادی پونے چار کروڑ تھی۔ اب وہ بائیس کروڑ سے بڑھ چکی۔ پاکستان میں پچھلے سال ساٹھ لاکھ پچاس ہزار بچے تولد ہوئے۔ گویا آبادی میں روزانہ ساڑھے سولہ ہزار نفوس کا اضافہ ہوا۔ ملکی وسائل پہ آبادی کا بڑھتا بوجھ متفرق مسائل پیدا کرتا ہے۔

سستی ترین کار

12جولائی کو چین کے کار ساز ادارے، چانگلی (changli) نے دنیا کی سستی ترین کار مارکیٹ میں پیش کردی۔ خاص بات یہ کہ کار بجلی سے چلتی ہے جس کا خرچ کم ہوتا ہے۔ کار کی قیمت بغیر بیٹریوں کے930 ڈالر ہے، جب کہ بیٹریوں سمیت1200ڈالر کی ہے۔

قرضوں کا بڑھتا بوجھ

اسٹیٹ بینک پاکستان نے 13جولائی کو ایک چشم کشا رپورٹ جاری کی۔ اس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی حکومت پچھلے دو برس میں مختلف عالمی وقومی مالیاتی اداروں سے دس ہزار ارب روپے کے قرضے لے چکی۔ حکومت نے روزانہ چودہ ارب بیس کروڑ روپے کا قرض لیا۔ متواتر قرضے لینے کی وجہ سے قرضوں کی شرح پاکستان کے جی ڈی پی کے تقریباً برابر ہوچکی جو لمحہ فکریہ ہے۔ اس وقت ہر پاکستانی پینتیس ہزار روپے کا مقروض ہے۔

دیامر بھاشا ڈیم کی حفاظت

14جولائی کو حکومت پاکستان نے گلگت میں زیرتعمیر دیامربھاشا ڈیم کی سیکیوریٹی کے لیے پاک فوج کی ایک سو بیس کمپنیاں تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ کمپنیاں دسمبر سے ڈیم کی سیکوریٹی سنبھال لیں گی تاکہ دہشت گرد قریب نہ پھٹک سکیں۔

دہری شہریت کے حامل مشیر

پاکستانی گورنمنٹ نے 18جولائی کو وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین کے اثاثہ جات بیان کرنے والی رپورٹ جاری کی۔ اس سے انکشاف ہوا کہ دو معاون خصوصی، ندیم افضل چن کینیڈا اور معید یوسف امریکا کے مستقل رہائشی ہیں، جب کہ چار معاون دہری شہریت رکھتے ہیں۔ ان میں زلفی بخاری (برطانیہ)، ندیم بابر اور شہزادہ سید قاسم (امریکا) اور تانیہ ایندروس (کینیڈا) شامل ہیں۔

گندم کی ریکارڈ توڑ قیمت

19جولائی کو راولپنڈی کی مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 2300 روپے ہوگئی۔ یوں پاکستان کی تاریخ میں گندم کی سب سے زیادہ قیمت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ یاد رہے، آبی وہوائی تبدیلیوں، زیادہ بارشوں اور ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے پاکستان میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔

حکومت ہٹائو تحریک

19جولائی کو پی پی پی اور ن مسلم لیگ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت ہٹائو تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ شدید مہنگائی سے عوام پی ٹی آئی حکومت سے برگشتہ ہو چکے۔

حسینہ واجد کو فون

پاکستانی وزیراعظم، عمران خان نے 22 جولائی کو بنگلادیشی ہم منصب، بیگم حسینہ واجد کو فون کر کے انھیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات میں باہمی اعتماد اور احترام میں اضافہ کرنا مقصود تھا۔

احتساب عدالتوں کا قیام

23جولائی کو سپریم کورٹ نے ایک سو بیس نئی احتساب عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی۔ ان عدالتوں کے ذریعے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے میں سہولت ملے گی۔

اگست:کشمیر مہا جیل خانہ بن چکا

بھارت کے سابق وزیرداخلہ اور مشہور کانگریسی لیڈر، پی چدمبرم نے ممتاز بھارتی اخبار، فنانشل ٹائمز میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورت حال پر ایک مضمون لکھا جو 2اگست کو شائع ہوا۔ انھوں نے اس میں آشکارا کیا کہ ریاست جموں وکشمیر آج لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے لیے بہت بڑا قید خانہ بن چکی۔ مودی حکومت نے 5اگست 2019کے بعد جتنے بھی اقدامات کیے ہیں، وہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ چدمبرم نے لکھا کہ سرکاری پالیسیوں کے باعث بھارت کشمیر کو کھو بیٹھے گا۔

پاکستان کا نیا نقشہ

4 اگست کو حکومت پاکستان نے مملکت کا نیا سیاسی نقشہ جاری کیا۔ اس میں مقبوضہ جموں وکشمیر، سیاچن، سر کریک، جونا گڑھ اور مناوادر کے علاقے پاکستان کا حصہ دکھائے گئے ہیں۔ یہ نیا نقشہ پاکستانی اور کشمیری عوام کی امنگوں کا ترجمان قرار پایا۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب یہی نقشہ تمام نصابی کتب میں شائع ہو گا۔

بیروت میں تباہ کن دھماکے

لبنان کے دارالحکومت، بیروت میں4اگست کی سہ پہر کیمیکل ذخیرہ کرنے والے ایک گودام میں آگ لگنے سے یا پھر کسی سازش کے باعث کیمیائی مادہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ بعدازآں اور بھی دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں کی لپیٹ میں آ کر دو سو سے زائد لوگ مارے گئے جب کہ ساڑھے چھ ہزار زخمی ہوئے۔ کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ نقصان کی مالیت پندرہ ارب ڈالر سے زائد ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ انسانی تاریخ میں سب سے طاقت ور غیرجوہری دھماکا تھا جسے انجام دینے میں اسرائیل کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

قومی تاریخ کا بڑا منصوبہ

5 اگست کو قومی اقتصادی کونسل (ایکننک) نے تاریخ ِپاکستان کے سب سے بڑے سرکاری منصوبے، کے ایم ایل ون کی منظوری دے دی۔ یہ منصوبہ سی پیک منصوبوں کا حصہ ہے۔ منصوبے کے تحت کراچی تا لاہور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ اس کام پر چھ ارب اسی کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد مسافر ریلوں کی رفتار 110کلومیٹر سے بڑھ کر 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ یہ منصوبہ تمام ریلوے کراسنگس بھی ختم کردے گا۔

رام مندر کا سنگ بنیاد

بھارتی وزیراعظم، نریندر مودی نے ایودھیا میں 5 اگست کو شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ تاریخی مسجد 1992ء میں مودی کے انتہا پسند چیلے چانٹوں نے شہید کردی تھی۔ اس سال بھارتی سپریم کورٹ نے وہاں رام مندر تعمیر کرنے کی اجازت دے کر عدل وانصاف کا خون کر ڈالا۔

سونے کی بلند ترین قیمت

6اگست کو پاکستان میں فی گرام سونے کی قیمت گیارہ ہزار ایک سو اسے روپے تک پہنچ گئی۔ یہ قومی تاریخ میں سونے کی بلند ترین قیمت کا نیا ریکارڈ ہے۔ گویا اس دن دس گرام سونے کا بھاؤ ایک لاکھ گیارہ ہزار آٹھ سو روپے تھا۔ اس قیمت نے تاجروں کو تو مالامال کردیا مگر زیورات بنانے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دنیا والو! خاموش مت رہو

عالم اسلام کے ممتاز راہ نما اور سابق ملائشین وزیراعظم، مہاتیر محمد نے 8 اگست کو کوالالپمور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر میں مسلمانوں پر جو ظلم وستم ڈھا رہی ہے، اس کے خلاف دنیا والوں کو مذمتی آواز بلند کرنا چاہیے۔ اس وقت کشمیری مسلمان بھارتی فوج کے کڑے حصار میں زندگیاں گزار رہے ہیں۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ علاقائی بدمعاش کا کردار ترک کر کے ذمے دار ملک بن جائے۔

سندھی ہندوؤں کی ہلاکت

پچھلے سال سندھ کے علاقے، تھرپارکر میں مقیم ایک ہندو خاندان نقل مکانی کر کے جودھ پور، بھارت چلا گیا تھا۔ مودی سرکار پاکستان، بنگلادیش اور افغانستان میں بستے ہندوؤں کو یہ سبز باغ دکھا رہی ہے کہ اگر وہ بھارت آ جائیں تو انھیں روزگار مہیا کیا جائے گا اور ان کی مالی حالت بہتر ہوجائے گی۔ اسی لارے میں آ کر تھرپارکر کا ہندو خاندان بھی جودھپور چلا گیا مگر اس کی قسمت نہ بدل سکی۔ مودی سرکار کے سارے دعویٰ جھوٹے ثابت ہوئے۔ پریشانیوں اور غربت سے تنگ آ کر سندھی ہندو خاندان کے گیارہ ارکان نے 9اگست کو خودکشی کرلی۔ یہ اندوہناک واقعہ اسی لیے پیش آیا کہ مودی حکومت ہندو عوام سے مخلص نہیں۔ وہ صرف بھارت کے ایلیٹ طبقے کے مفادات پورے کرتی اور انھیں اولیّت دیتی ہے۔

قیدی طالبان کی رہائی کا فیصلہ


9اگست کو افغانستان میں لویہ جرگہ منعقد ہوا۔ اس نے طالبان سے تعلق رکھنے والے چار سو قیدی رہا کرنے کی منظوری دے دی۔ چند ماہ قبل امریکا اور طالبان نے معاہدہ کیا تھا کہ افغان حکومت پانچ ہزار طالبان قیدی رہا کر دے گی۔ مگر افغان حکومت نے دعویٰ کیا کہ چار سو قیدی سنگین جرائم میں ملوث ہیں لہٰذا انھیں رہا نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن اس دعوے سے طالبان اور امریکا کے مابین امن معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ آخر امریکی دباؤ پر افغان حکومت کو قیدی رہا کرنا پڑے۔

روس کی کورونا ویکسین

حکومت روس نے 11اگست کو اعلان کیا کہ روسی ماہرین نے کورونا وائرس کا توڑ، ویکسین ایجاد کر لی ہے جسے ''اسپتنک 5'' کا نام دیا گیا۔ روسی صدر پیوٹن نے دعویٰ کیا کہ اس ویکسین کا انجکشن ان کی بیٹی کو لگایا جا چکا، مگر مغربی ممالک کے ماہرین نے روسی ویکسین کو شک کی نگاہ سے دیکھا۔ وجہ یہ کہ ویکسین بہت کم لوگوں پر آزمائی گئی جب کہ ایک ویکسین کا ہزارہا انسانوں پر تجربہ کرلیا جائے تبھی اس کا مؤثر ہونا سامنے آتا ہے۔ اسی لیے مغربی ممالک میں روسی ویکسین استعمال نہیں ہو رہی۔ تاہم ماہ نومبر میں ایک بھارتی دوا ساز ادارے نے روسی حکومت سے معاہدہ کرلیا تاکہ ہر سال دس کروڑ روسی ویکسین تیار کر سکے۔

بھارت کا سائبر حملہ ناکام

12اگست کو خبر ملی کہ بھارتی انٹیلی جینس نے پاکستان کی افواج اور خفیہ اداروں کے افسروں کے موبائل فونوں میں موجود ڈیٹا چرانے کی کوشش کی ہے، مگر پاکستانی اینٹلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کا چال ناکام بنا دی۔ اس حملے کے بعد پاکستانی افسر ایسی ایپس استعمال کرنے سے اجتناب کرنے لگے ہیں جو سائبر حملے کا نشانہ بن جائیں۔

اسرائیل اور یو اے ای کا معاہدہ

عرب ملک، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے13اگست کو متنازعہ امن معاہدہ کرلیا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہو گئے۔ مصر اور اردن کے بعد امارات اسرائیل سے سفارتی تعلقات بنانے والا تیسرا عرب ملک بن گیا۔ اس امن معاہدے کو مگر فلسطینی راہنماؤں، ایران اور ترکی نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا استدلال ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں پر ظلم وستم ڈھا رہی ہے۔ اس صورت حال میں کسی اسلامی ملک کا ظالم اسرائیل سے دوستی کرلینا عدل وانصاف اور دینی بھائی چارے کی روایت کو پیروں تلے روندنے کے مترادف ہے۔ یہ عیاں ہے کہ اماراتی حکم رانوں نے معاشی وسیاسی مفادات پورے کرنے کی خاطر اسرائیل سے امن معاہدہ کیا۔ تاہم یہ وقت ہی بتائے گا کہ کیا اسرائیل کی قربت سے انھیں مطلوبہ فوائد مل سکیں گے؟

آئی پی پیز سے معاہدہ

وطن عزیز میں 53 ادارے (آئی پی پیز) بجلی بناکر حکومت پاکستان کو فروخت کرتے ہیں۔ یہ ادارے پہلی بار 1993ء میں سامنے آئے۔ پھر وقتاً فوقتاً قائم ہوئے۔ ماہرین کا مگر کہنا ہے کہ سابق حکومتوں نے ان اداروں سے معاہدے کرتے ہوئے ایمان داری نہیں دکھائی اور کمیشن لے کر فی واٹ بجلی کی قیمت زیادہ لگا دی۔ اسی لیے آج حکومت ان بجلی ساز اداروں کی مقروض ہوچکی۔ اس نے انھیں ساڑھے چار سو ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ 14اگست کو وزیراعظم پاکستان نے اعلان کیا کہ بجلی کی قیمت پر نظرثانی کی خاطر آئی پی پیز سے معاہدہ ہو گیا ہے۔ وہ آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت کم کردیں گی۔

پنشن فنڈ کی تشکیل

17اگست کو پاکستانی حکومت نے پنشن فنڈ قائم کردیا۔ اس فنڈ کے ارکان سرکاری پنشن نظام کی اوورہالنگ کریں گے۔ دراصل حکومت ہر سال 470ارب روپے پنشن کی مد میں ادا کرنے لگی ہے جب کہ تنخواہوں کی رقم 500ارب روپے تک پہنچ چکی۔ گویا پنشنوں کی رقومات تنخواہوں کے برابر ہوچکیں۔ حکومت پنشن نظام میں موجود خامیاں ختم کر کے رقم کا عدد کم کرنا چاہتی ہے۔

اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے

وزیراعظم پاکستان نے17اگست کو اعلان کیا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا، پاکستان اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرے گا۔ اگلے دن سعودی عرب نے بھی اسی بات کا اعادہ کیا۔

مالی میں فوجی بغاوت

19اگست کو افریقی مملکت، مالی میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ صدر ابوبکر ابراہیم مستعفی ہو گئے اور انھوں نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی۔ جرنیلوں کا دعویٰ ہے کہ اقتدار سنبھال کر وہ ملک کو مزید خونریزی سے بچانا چاہتے ہیں۔

کراچی میں بارش کا نیا ریکارڈ

ماہ اگست میں شہرقائد میں زیادہ بارشیں ہونے کا نیا ریکارڈ بن گیا۔1931ء سے لے کر اب تک کراچی میں سب سے زیادہ بارش294.4 ملی میٹر 1984ء میں ہوئی تھی، مگر اس ماہ میں 345ملی میٹر بارش ہوئی اور یوں نیا ریکارڈ سامنے آیا۔

آسٹریلوی دہشت گرد کو سزا

نیوزی لینڈ کی ایک عدالت نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں نو پاکستانیوں سمیت اکیاون نمازیوں کو شہید کرنے والے آسٹریلوی دہشت گرد، برینٹن ٹیرینٹ کو 17اگست کے دن عمر قید کی سزا سنا دی۔ وہ کبھی ضمانت پر رہا نہیں ہو سکے گا۔

سویڈن میں ناپاک جسارت

30اگست کو سویڈن کی انتہاپسند جماعت، اسٹرام گراس کے ارکان نے مالمو شہر میں قرآن پاک جلانے کی جسارت کرڈالی۔ اس گھٹیا پن سے شہر کے مسلمانوں میں قدرتاً اشتعال پھیل گیا۔ انھوں نے مجرموں کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ آزادی رائے کی آڑ میں اسلام پر نیا حملہ تھا۔

چین اور بھارت کی نئی جھڑپ

30 اگست کو چینی میڈیا نے خبر دی کہ لداخ میں پینگونگ سوجھیل کے نزدیک چین اور بھارت کی افواج کے درمیان نئی جھڑپ ہوئی ہے۔ اس تازہ مجادلے نے دونوں بڑی طاقتوں کے تعلقات مزید کشیدہ کر ڈالے۔ دونوں پڑوسی ملک ماہ مارچ سے سرحدوں پر سینگ پھنسائے بیٹھے ہیں۔

ستمبر:نوازشریف حاضر ہوں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے1ستمبر کو بغرض علاج لندن جانے والے سابق وزیراعظم، میاں نواز شریف کو ہدایت کی کہ وہ دس ستمبر تک عدالت کے سامنے پیش ہوجائیں بصورت دیگر انھیں مفرور قرار دیا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میاں صاحب کے خلاف مختلف مقدمے زیرسماعت ہیں۔

ٹیکس ریفنڈ کا انبار
وطن عزیز میں ایف بی آر شہریوں سے ٹیکس جمع کرتا اور فائلروں کو ٹیکس ریفنڈ دیتا ہے۔ 2 ستمبر کو خبر آئی کہ ایف بی آر نے سات سو دس ارب روپے کی خطیر رقم بطور ٹیکس ریفنڈ اہل پاکستان کو ادا کرنی ہے۔ اس میں سے 568ارب روپے انکم ٹیکس ریفنڈ اور 142ارب روپے سیلزٹیکس ریفنڈ کے ہیں۔

چینی ایپس پر پابندی
2 ستمبر کو بھارت نے چین میں بنی یا وہاں سے کنٹرول کی جانے والی ایک سو اٹھارہ ایپس پر پابندی لگا دی۔ ان میں مشہور آن لائن گیم، پب جی بھی شامل ہے۔ یاد رہے، بھارتی حکومت پہلے ہی ٹک ٹاک پر پابندی لگا چکی۔ مقصد یہ ہے کہ بھارت میں چین کے بڑھتے تہذیبی وثقافتی پھیلائو کو روکا جا سکے۔

عاصم باجوہ کا استعفٰی
وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ نے 3 ستمبر کو اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ آپ سی پیک اتھارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ عاصم باجوہ پر اپنے اثاثے چھپانے کے الزامات سامنے آئے تھے جن کی بنا پر انھوں نے استعفٰی دینے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا:''میں نے ہمیشہ دیانت داری اور وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ نیز میں سمجھتا ہوں کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔''

بھارت میں کورونا کے وار
پڑوسی ملک، بھارت میں ماہ مارچ سے کورونا وائرس سے پھیلی وبا نے تباہی مچا رکھی ہے۔ روزانہ ہزارہا بھارتی شہری وبا سے متاثر ہوتے اور بہت سے چل بستے ہیں۔4 ستمبر کو بھی نوے ہزار بھارتی وبا کا نشانہ بن گئے۔ براعظم ایشیا میں وبا نے سب سے زیادہ بھارتیوں ہی کو اپنا نشانہ بنایا۔

کراچی کے لیے تاریخی پیکیج
5 ستمبر کو وزیراعظم پاکستان نے شہرقائد کے لیے 1113ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا۔ کراچی کے ان گنت مسائل حل کرنے کی خاطر وفاقی حکومت نے ''کراچی ٹرانسفارمیشن پلان'' بنایا ہے۔ درج بالا رقم اسی منصوبے کے تحت استعمال ہوگی۔ رقم سے شہر میں سیوریج، سالڈ ویسٹ، فراہمی آب، سرکلر ریلوے سمیت دیگر عوام دوست منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔ یہ پیکیج وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر تیار کیا ہے تاکہ وطن عزیز کے سب سے بڑے نگر میں بستے تقریباً دو کروڑ لوگ مسائل سے چھٹکارا پالیں۔

چین اور پاکستان کی شراکت کا سنگ میل
اہل وطن نے6 ستمبر کو مسّرت سے یہ خبر سنی کہ کراچی کے ایٹمی بجلی گھر میں چین کے تیار کردہ جدید ترین ری ایکٹر نصب کیے جا رہے ہیں۔ یہ ری ایکٹر سائنسی زبان میں ''ہولونگ ون'' (Hualong One) یا HPR1000کہلاتے ہیں۔ ان ایٹمی ری ایکٹروں کی خصوصیت یہ ہے کہ ان میں ایٹمی ایندھن بہ آسانی لوڈ ہوتا ہے اور وہ زیادہ بجلی بھی پیدا کرتا ہے۔ چین کے علاوہ پاکستان پہلا ملک ہے جس کے ایٹمی بجلی گھر میں ہولونگ ون ری ایکٹر کی تنصیب زیرتکمیل ہے۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹ
حکومت نے9 ستمبر کو ''نیاپاکستان سرٹیفکیٹ'' جاری کرنے کا اعلان کیا۔ یہ مالیاتی اسکیم بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے شروع کی گئی تاکہ وہ زرمبادلہ وطن میں لاسکیں۔ یہ پاکستانی تین سے پانچ سال کی مدت کے سرٹیفکیٹ خرید سکی گے جن پر انھیں پُرکشش منافع ملے گا۔ پاکستانی گورنمنٹ کو امید ہے کہ اسکیم کی بدولت ذخائر زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

نوازشریف ''اشتہاری'' قرار
9 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم، نوازشریف کو پیشی پہ پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔ وہ لندن میں بظاہر علاج کرانے کے لیے مقیم ہیں۔ کیس میں سابق صدر، آصف زرداری اور سابق وزیراعظم، یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

انسپکٹر کے گھر سے 33کروڑ روپے برآمد
نیب لاہور نے ایک سابق انسپکٹر کے گھر 10ستمبر کو چھاپامار کر تینتیس کروڑ روپے کی نقدی اور بانڈ برآمد کرلیے۔ ملزم پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام تھا اور اس ضمن میں تحقیقات جاری تھیں۔ ان مثالوں سے عیاں ہے کہ پاکستان چھتیس ہزار ارب روپے کے مقروض ملک میں کیوں کر ڈھل گیا!

اسرائیل اور بحرین کا معاہدہ
11ستمبر کی سہ پہر امریکی صدر ٹرمپ نے غرور سے ٹوئٹ کیا کہ ایک اور عرب ملک، بحرین نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یوں بحرین اسرائیلی مملکت سے دوستانہ روابط بڑھانے والا چوتھا عرب و اسلامی ملک بن گیا، مگر فلسطین اتھارٹی کی گورنمنٹ نے اس دوستانہ وامن معاہدے کو فلسطینی مسلمانوں کی پشت پر خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا۔

دوحہ میں امریکا و طالبان مذاکرات
قطر کے شہر دوحہ میں 12ستمبر سے امریکی حکومت اور افغان طالبان کے مابین امن مذاکرات شروع ہوئے۔ ان کا مقصد افغانستان سے امریکی ونیٹو افواج کی بہ حفاظت واپسی بعدازآں افغانستان میں ایسی قومی حکومت کا قیام عمل میں لانا تھا جو تمام افغانوں کے حقوق کی حفاظت کر سکے اور مسلح تنظیموں کی ساتھ نہ بنے۔

سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری
15ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک خصوصی بیچ نے میاں نوازشریف کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ خصوصی بنچ میں ان کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت نے نوازشریف کو حکم دیا تھا کہ وہ 10ستمبر تک لندن سے وطن واپس آ جائیں مگر وہ نہیں آئے۔ اسی لیے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

ایف اے ٹی ایف بل منظور
پارلیمنٹ پاکستان کے مشترکہ اجلاس میں16ستمبر کو حکومت ایف اے ٹی ایف (FATF) سے متعلق قوانین منظور کرانے میں کام یاب ہو گئی۔ ان قوانین کی منظوری دو سو ووٹوں کی حمایت سے حاصل ہوئی جب کہ مخالف میں ایک سو نوے ووٹ پڑے۔ اس موقع پر اپوزیشن نے ہنگامہ کیا اور بلوں کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

چھے ارب ڈالر کی سزا پر حکم امتناع
17ستمبر کو عالمی بینک کے ثالثی فورم، انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈیسپوٹیس نے ریکوڈک کیس میں پاکستان کو سنائی گئی چھے ارب ڈالر جرمانے کی سزا پر حکم امتناع جاری کردیا۔ اسے پاکستان کی لیگل ٹیم کی بڑی کام یابی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ جولائی 2019 میں ثالثی ٹریبونل نے آسٹریلوی کمپنی، ٹی تھیان کو ریکوڈک کا ٹھیکا نہ دینے پر پاکستان کو چھے ارب ڈالر جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔ نومبر 2019 میں پاکستانی حکومت نے فیصلے کو چیلینج کردیا۔ امید ہے کہ پاکستان اب ٹریبونل سے باہر ٹی تھیان کمپنی سے معاملات طے کرنے کی کوشش کرے گا۔

اٹھارہ باڑہ مارکیٹیں
حکومت پاکستان نے 17ستمبر کو فیصلہ کیا کہ ایران اور افغانستان کی سرحدوں پر اٹھارہ باڑہ مارکیٹیں قائم کی جائیں گی۔ اس طرح سرحدی علاقوں میں مقیم اہل وطن کو کاروبار وتجارت کے مواقع میسّر آئیں گے۔

زیادہ ٹیکس دینے والے سیاست داں
18ستمبر کو ایف بی آر نے پچھلے مالی سال کی ٹیکس ڈائریکٹری شائع کردی۔ اس کی رو سے پاکستان میں ٹیکس دہندگان کی تعداد اٹھائیس لاکھ باون ہزار سے زیادہ ہے۔ ملک کے نوے سینٹروں اور تین سو گیارہ ارکان اسمبلی نے ستر کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ ان میں سب سے زیادہ سابق وزیراعظم، شاہد خاقان عباسی کا ٹیکس رہا جس کی مالیت 24 کروڑ 13لاکھ 29 ہزار392 روپے تھی۔ یوں وہ ٹیکس دہندگان سیاست دانوں میں سرفہرست رہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا قیام
اسلام آباد میں 20 ستمبر کو اپوزیشن پارٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں نئے سیاسی اتحاد ''پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ'' کا قیام عمل میں آیا۔ طے پایا کہ اس اتحاد کے زیراہتمام پورے ملک میں جلسے منعقد ہوں گے۔

ادویہ مہنگی ہوگئیں
وفاقی کابینہ نے 22 ستمبر کو ''94'' ادویہ کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اضافہ ناگزیر تھا مگر عوام اور اپوزیشن نے اس اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

بلدیہ فیکٹری کیس
22 ستمبر کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بلدیہ فیکٹری کیس میں ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارجوں، بھولا اور زبیر چریا کو ''264''مرتبہ سزائے موت دینے کی سزا سنائی، جب کہ مفرور مرکزی ملزمان، حماد صدیقی اور علی حسن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

بھارتی بینک منی لانڈرنگ میں ملوث
امریکا کا ایک سرکاری ادارہ، فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک دنیا بھر میں بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ذریعے کالے دھن کو سفید بنانے کے عمل (منی لانڈرنگ) پر نگاہ رکھتا ہے۔ 25 ستمبر کو اس کی ایک رپورٹ سے افشا ہوا کہ بھارت سمیت سبھی مغربی ممالک کے سرکاری و نجی بینک اس غیراخلاقی اور غیرقانونی دھندے میں ملوث ہیں۔ رپورٹ کی رو سے ہر سال بھارتی بینک کروڑوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کرتے ہیں، مگر مغربی طاقتیں بھارت کے بجائے پاکستان پر تنقید کرتی اور پابندیاں لگاتی ہیں، مغرب کی منافقت کی ایک اور مثال۔

آذربائیجان اور آرمینیا کی جنگ
26 ستمبر کو آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین نگورنو کاراباخ علاقے پر تنازعے کی وجہ سے جنگ چھڑ گئی۔ جنگ میں ترکی اور پاکستان نے آذربائیجان کا ساتھ دیا۔ اس پر آذربائیجان میں پاکستان کو بہت سراہا گیا۔

بھارتی عدالت کا ''ظالمانہ'' انصاف
بھارت کی ایک خصوصی عدالت نے 30ستمبر کو وہ تمام ''بتیس'' ملزمان رہا کردیے جو اٹھائیس سال قبل بابری مسجد شہید کرنے میں ملوث تھے۔ یہ فیصلہ بھارتی عدلیہ کی جانب سے مسلمانان عالم کے نزدیک عدل وانصاف کا گلا گھونٹنے کے مترادف قرار پایا۔
Load Next Story