کراچی میں سردی کا زور ٹوٹنے کا امکان

اتوار کو پاکستان میں داخل ہونے والا نیا سلسلہ شہر پر اثرانداز نہیں ہوگا، ہفتے کو بھی کم از کم پارہ 6.5 ڈگری ریکارڈ ہوا


Staff Reporter January 02, 2021
اتوار کو پاکستان میں داخل ہونے والا نیا سلسلہ شہر پر اثرانداز نہیں ہوگا، ہفتے کو بھی کم از کم پارہ 6.5 ڈگری ریکارڈ ہوا (فوٹو : فائل)

ہفتے کو دوسرے روز بھی شہر کا کم سے کم پارہ 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، اتوار کو ملک میں داخل ہونے والا نیا مغربی سلسلہ شہر پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک کے مطابق اتوار کو مغرب سے پاکستان میں داخل ہونے والا نیا سلسلہ شہر پر بارشوں اور سرد ہواؤں کی شکل میں اثرانداز نہیں ہوگا اور اس کے تحت کراچی میں سردی بڑھنے کا کوئی امکان نہیں ہے بلکہ جس وقت نیا مغربی سلسلہ پنجاب، کے پی کے اور شمالی علاقہ جات کی جانب بڑھ رہا ہوگا اس دوران کراچی کے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق نئے سسٹم کے سبب بلوچستان میں بھی بارش کے امکانات نہیں ہیں، اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کراچی کا درجہ حرارت دوبارہ سے ڈبل ڈیجیٹ پر آنے کی توقع ہے اور کم سے کم پارہ 10 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، کراچی میں موسم سرما کا اختتام فروری کے آخر میں متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا کم سے کم پارہ 6.5 اور زیادہ سے زیادہ 24.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت نمی کا تناسب 35 اور شام کے وقت 22 فیصد رہا جب کہ ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، صبح کے وقت دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 4 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ اتوارکو مطلع خشک اور سرد رہنے، کم سے کم پارہ 6 سے 8 ڈگری حبکہ زیادہ سے زیادہ 23 سے 25 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں